وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب سے بچاؤ کے لیے آبی ذخائر کی تعمیر کا تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت جاری کردی۔
مریم نواز نے سرحدی علاقے تلوار پوسٹ اور شیخ پورہ نو میں قائم ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے علاقہ گٹی کلنجر سے کشتی کے ذریعے تلوار پوسٹ آنے والے متاثرہ خاندانوں کا استقبال کیا۔ انہوں نے ایک معصوم بچے کو گود میں اٹھایا اور بعدازاں ماں کے سپرد کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے، وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت
سیلاب میں گھرے نومولود بچے کو بحفاظت نکالنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے ڈی ایس پی نعمان کو انعام دیا، جبکہ ریسکیو ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے 10 لاکھ روپے کے خصوصی انعام کا اعلان بھی کیا۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے تلوار پوسٹ پر قائم لائیو اسٹاک، ہیلتھ، ریسکیو، پولیس اور دیگر محکموں کے کیمپوں کا معائنہ کیا۔
اس کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز نے قصور میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے متاثرین سے ملاقات کر کے ان کے مسائل دریافت کیے اور ان سے گفتگو کی۔
وزیراعلیٰ نے عارضی اسپتال میں مریضوں کی عیادت بھی کی اور انتظامیہ سے فلڈ ریلیف کیمپ سے متعلق بریفنگ لی۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واضح کیا کہ سیلاب کے خطرات پر قابو پانے کے لیے آبی ذخائر کی تعمیر پر فوری طور پر تفصیلی غور کیا جائے تاکہ آئندہ کسی بھی بڑے نقصان سے محفوظ رہا جا سکے۔