پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم، جنہیں دنیا بھر میں ‘سلطان آف سوئنگ’ اور بہترین بولر کے طور پر جانا جاتا ہے، حال ہی میں ایک ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے ایک دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ شہرت کے پیمانے کس قدر بدل گئے ہیں۔
وسیم اکرم نے شو میں بتایا کہ وہ ایک تقریب کے سلسلے میں شارجہ اسٹیڈیم میں موجود تھے جہاں میزبانی تابش ہاشمی کر رہے تھے۔ تابش نے پہلے وسیم اکرم کو اسٹیج پر بلایا تو حاضرین نے تالیاں بجائیں لیکن وہ جوش و خروش نظر نہ آیا جس کی توقع تھی۔
یہ بھی پڑھیے: شاہین شاہ آفریدی کیسے وسیم اکرم بن سکتے ہیں؟ سوئنگ کے سلطان نے بتا دیا
تاہم جیسے ہی تابش نے ایک ٹک ٹاکر مسٹر پٹلو کو اسٹیج پر بلایا تو پورا اسٹیڈیم گونج اٹھا۔ یہ دیکھ کر نہ صرف تابش بلکہ وسیم اکرم بھی حیران رہ گئے۔
وسیم اکرم نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ اور تابش دونوں بیک اسٹیج کھڑے یہ سوچ رہے تھے کہ آج کل لوگ کس طرح سے کسی کو بھی مشہور بنا دیتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ کانٹینٹ کریئیٹر بننا آسان نہیں اور ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے میں بھی محنت درکار ہوتی ہے۔