اسلام آباد ٹریفک پولیس نے چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں کی ہدایت پر جاری ٹریفک انفورسمنٹ مہم کی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔
ترجمان کے مطابق دوران ڈرائیونگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ہفتے کے دوران 2 ہزار 236 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ ان میں سے 1658 موٹر سائیکل اور 578 گاڑیاں تھانوں میں منتقل کی گئیں۔
کارروائیوں کی تفصیل میں لین خلاف ورزی پر 819، بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر 96، غیر قانونی پارکنگ پر 2812، مخالف سمت گاڑی چلانے پر 1067، فنسی نمبر پلیٹ پر 1371، سگنل توڑنے پر 1393، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 792 اور فٹنس سرٹیفکیٹ نہ ہونے پر 125 کارروائیاں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد پولیس کی ٹیم پر مبینہ فائرنگ کا واقعہ، گرفتار ملزم زخمی
ہیوی ٹریفک کے اوورلوڈ پر 4823 چالان جبکہ وفاقی دارالحکومت میں رکشہ کے داخلے پر پابندی کی خلاف ورزی پر 196 رکشوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے ہدایت کی کہ کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے جبکہ ون وہیلنگ اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ ٹریفک اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں اور معزز شہری ہونے کا ثبوت دیں۔