وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں متاثرین کے لیے ٹینٹ سٹی قائم کردیے گئے ہیں۔
تحصیل اٹھارہ ہزاری ضلع جھنگ میں فلڈ ریلیف کیمپ کے ساتھ ٹینٹ سٹی لگا دیا گیا ہے جہاں سیلاب متاثرین کے قیام و طعام کا شاندار انتظام کیا گیا ہے۔ علاج معالجے کے لئے ڈاکٹرز اور طبی عملہ بھی موجود ہے جبکہ متاثرین کو مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیمپ میں عارضی ہیلی پیڈ بھی بنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: سندھ میں سیلاب کب داخل ہوگا، حکومت کی تیاریاں کیا ہیں؟
اسی طرح کوٹ خیرا اور گورنمنٹ ہائی اسکول احمد پور سیال میں بھی متاثرین کے لئے ٹینٹ سٹی قائم کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر فلڈ ریلیف کیمپوں میں خواتین اور بچوں کے لئے علیحدہ انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
پنجاب کے دریاؤں میں معمول سے زیادہ طغیانی کے باعث 32 اضلاع کے ہزاروں گاؤں زیر آب آگئے ہیں۔ صوبے بھر میں 3 ہزار 338 ریسکیورز 806 کشتیوں پر آپریشن میں مصروف ہیں۔ اب تک 9 لاکھ 18 ہزار سے زائد افراد کو سیلابی ریلوں کے آنے سے پہلے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 21 ہزار 620 افراد کا کامیاب انخلاء کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر ریسکیو ٹیموں نے 6 لاکھ 11 ہزار سے زائد مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔