بیرسٹر گوہر نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے لیے علی امین گنڈاپور کے مؤقف کی حمایت کردی

منگل 2 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے مؤقف کی حمایت کردی۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک میں ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے، لیکن یہ سب اتفاق رائے سے ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: کالا باغ ڈیم ریاست کی ضرورت، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کھل کر منصوبے کی حمایت کردی

انہوں نے کہاکہ سیلاب پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، اس معاملے پر نیشنل ایکشن پلان بنانے کی ضرورت ہے۔ مشترکہ مفادات کونسل نے بھی نہروں کے معاملے پر اتفاق رائے پر زور دیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کو آج کی ملاقات میں قائمہ کمیٹیوں سے استعفوں کے بارے میں بتایا، جبکہ خیبرپختونخوا میں جلسے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی، تاہم سیلاب کی وجہ سے جلسے کی تیاریوں میں کچھ تاخیر ہے۔

انہوں نے کہاکہ بانی ٹی آئی عمران خان نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور افغانستان میں زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

بیرسٹر گوہر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت سیلاب متاثرین کو ریلیف کی ضرورت ہے، جبکہ وزیراعلیٰ کو پبلسٹی کی پڑی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی کالا باغ ڈیم کی حمایت کے معاملے پر پی ٹی آئی میں اندرونی اختلافات

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر ملک کی ضرورت ہے، تاہم اس پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp