وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پر بے بنیاد پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، یہ بل دوبارہ اسمبلی میں لاکر اتفاق رائے سے منظور کیا جائے گا۔
منگل کے روز وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کلی کربلا پشین میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی ان کی حکومت کا عزم اور عوامی خدمت ان کا نصب العین ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان ہائیکورٹ میں مائنز اینڈ منرل ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت، وفاق و صوبائی حکومت کو نوٹس جاری
انہوں نے کہا کہ کسی علاقے کو محرومی کا شکار نہیں رہنے دیا جائے گا۔ میرے لیے اعزاز ہے کہ آج کربلا آیا، یہاں آکر دل کی گہری مسرت ہوئی، بلوچستان کے مسائل سنگین اور وسائل محدود ہیں، تاہم قدرتی وسائل کو عالمی سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بروئے کار لایا جائے گا۔
مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس پر بے بنیاد پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، بلوچستان کے وسائل عوام کی مرضی کے بغیر کسی کو نہیں دیے جا سکتے، یہ بل دوبارہ اسمبلی میں لاکر اتفاق رائے سے منظور کیا جائے گا۔
کربلا کو تحصیل کا درجہ
تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے علاقے کے لیے کئی ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔ ان میں کربلا کو تحصیل کا درجہ دینا، مقامی اسپتال کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال کا درجہ دینا اور اس کا انتظام انڈس اسپتال کے حوالے کرنا شامل ہے۔
دیگر منصوبے
علاقے میں بلوچ قبائل کے دیرینہ مطالبے پر 10 کلومیٹر سڑک کی تعمیر، شمسی توانائی کے منصوبے، انٹر کالج کا قیام اور حرمزئی، کربلا اور سارانان کے لیے 50 کروڑ روپے مالیت کا ترقیاتی پیکج بھی اعلان کردہ منصوبوں میں شامل ہیں۔ کربلا کو قوانین کے مطابق میونسپل کمیٹی کا درجہ بھی دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کی منظوری: فضل الرحمان نے اراکین بلوچستان اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کردیے
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میرے لیے حکومت اور اپوزیشن کی تفریق معنی نہیں رکھتی، پورا بلوچستان میری ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام کے ذریعے دنیا کی 200 جامعات میں تعلیم کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور عوامی خدمت ہے اور ہم اس عزم پر قائم ہیں، پاکستانیت میں ہی عظمت ہے، یہ ملک ہے تو ہم ہیں، ملک کی خدمت اور وفاداری ہی کامیابی ہے۔