چیف جسٹس سیاسی ردعمل کے لیے تیار رہیں: میاں نواز اور مریم نواز کا ردعمل

جمعہ 12 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کو عمران خان کو یہ بھی کہنا چاہیے تھا کہ آپ قوم کا 60 ارب روپیہ لوٹ کر آئے ہیں اس لیے آپ سے مل کر خوشی ہوئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹویٹر‘ پر میاں نواز شریف نے ایک ویڈیو کلپ جاری کیا ہے جس میں انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ: چیف جسٹس آف پاکستان کو ان کو یہ بھی کہنا چاہیے تھا کہ ’آپ قوم کا 60 ارب روپیہ لوٹ کر آئے ہیں اس لیے آپ سے مل کر بڑی خوشی ہوئی۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ:’ فتنہ گرفتاری کے ڈر سےعدالت میں چھپا بیٹھا ہے۔

چیف جسٹس آف پاکسان! آپ اپنی کرسی کوعمران کی سیاست کے لیے استعمال کر رہے ہیں تواب سیاسی ردعمل کے لئے بھی تیار رہیں۔ کیا ایک مجرم کو عدالت کو پناہ گاہ بنانے کی اجازت دینا بھی کوئی نیا قانون ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری دو مختلف ٹویٹس میں میریم نواز نے لکھا ہے کہ: ’فتنہ گرفتاری کے ڈر سے عدالت میں چھپا بیٹھا ہے۔ اگر عدالت سے گرفتار کرنا غلط ہے تو کیا ایک مجرم کو عدالت کو اپنی پناہ گاہ بنانے کی اجازت دینا بھی کوئی نیا قانون ہے؟ شرم آتی ہے اس دہرے معیار پر!‘

ایک دوسرے ٹویٹ میں مریم نواز نے لکھا کہ:’چیف جسٹس ہونے کا مطلب ریاست کو اس شخص کی غلامی میں دینا نہیں جس نے اپنے ’پالتو غنڈوں‘ کے ذریعے قومی وقار اور ملکی دفاع کی ہرعلامت کو جلا کر راکھ کردیا۔‘

ان کا مزید کہنا ہے کہ ایسے شخص کو کسی بھی مقدمے میں گرفتاری سے روکنا، اسے شاہی مہمان بنا کررکھنا، اس کے نخرے اٹھانا ہر پاکستانی کے علاوہ ان شہیدوں اور غازیوں کی توہین ہے جن کی ہر نشانی پرحملہ کیا گیا۔

مریم نواز نے چیف جسٹس آف پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ: ’صاحب! آپ اب عدلیہ ہی نہیں، آئین و قانون نظام انصاف اور ملکی سلامتی کے لئے خطرہ بن چکے ہیں۔‘

ملکی تقدیر سے کھیلنے والے ایک ’دہشتگر‘ کے سہولت کار بننے کے بعد آپ اپنا وقار کھو چکے ہیں- آپ اپنی کرسی کوعمران کی سیاست کے لیے استعمال کر رہے ہیں تو اب سیاسی رد عمل کے لئے تیار رہیں۔

مریم نواز نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ ’نواز شریف کے خلاف ہونےوالی سازش کا خلاصہ‘ کے عنوان سے دو چھوٹے پوسٹر بھی ٹیگ کیے ہیں جن پر لکھا ہے: ’ 28 جولائی خیالی تنخواہ پر نا اہلی۔‘

انہوں نے ان پوسٹرز کے ذریعے بھی سابق چیف جسٹس آف پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے کہ انہوں نے عمران خان کی مرضی پرمیاں محمد نواز شریف کو نا اہل قرار دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp