رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے سابق کپتان اور ٹیم کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے 4 جون کو ایم چنا سوامی اسٹیڈیم کے باہر پیش آنے والے بھگدڑ پر پہلی بار خاموشی توڑ دی۔ اس واقعے میں 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
کوہلی نے اپنے بیان میں کہا کہ زندگی میں کچھ بھی آپ کو ایسے دل توڑنے والے لمحوں کے لیے تیار نہیں کرتا جیسا کہ 4 جون کا دن تھا۔ جو لمحہ ہماری فرنچائز اور فینز کے لیے خوشی کا موقع ہونا چاہیے تھا، وہ ایک سانحے میں بدل گیا۔
یہ بھی پڑھیے: آئی پی ایل چیمپیئن بننے کے بعد رائل چیلنجرز بنگلور کی فروخت کی خبریں، قیمت کیا ہوسکتی ہے؟
انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمی شائقین کے لیے دعاؤں کا پیغام دیا۔
یہ بیان رائل چیلنجرز کے ‘آر سی سی بی کیئرز’ کے اقدام کے تحت سامنے آیا ہے جس کا مقصد مستقبل میں ہجوم کے بہتر انتظامات کے ذریعے ایسے حادثات کی روک تھام کرنا ہے۔ کوہلی نے کہا کہ آپ کا نقصان اب ہماری کہانی کا حصہ ہے۔ ہم سب آگے بڑھیں گے مگر زیادہ احتیاط، عزت اور ذمہ داری کے ساتھ۔

دوسری جانب واقعے پر جسٹس کُنہا کمیشن کی رپورٹ میں ایم چنا سوامی اسٹیڈیم کو بڑے عوامی اجتماعات کے لیے غیر موزوں اور غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسٹیڈیم کے ڈیزائن اور ڈھانچے میں بنیادی مسائل ہیں جو بڑے اجتماعات کے دوران ناقابلِ قبول خطرہ پیدا کرتے ہیں۔ کمیشن نے اس سانحے کی ذمہ داری آر سی بی، ڈی این اے انٹرٹینمنٹ اور کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن پر عائد کی ہے۔