قومی کرکٹ ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں پر توجہ اب نتائج دینا شروع کرچکی ہے۔ مڈل آرڈر بیٹر حسن نواز نے مسلسل عمدہ اننگز کھیل کر ترقی کا سلسلہ جاری رکھا اور تازہ ترین رینکنگ میں 31ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری ٹی20 رینکنگ کے مطابق قومی کپتان سلمان علی آغا نے شاندار چھلانگ لگاتے ہوئے 18 درجے ترقی کے ساتھ 59ویں پوزیشن حاصل کرلی، حالانکہ ٹیم کی بنگلہ دیش اور جاری سہ فریقی سیریز میں کارکردگی ملی جلی رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کے سونے کا معاملہ، ٹیم کے اہم کھلاڑی نے نئے راز کھول دیے
اس دوران بابر اعظم اور محمد رضوان کی غیر موجودگی نے انہیں رینکنگ میں مزید نیچے دھکیل دیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اسکواڈ میں نئی نسل اب مرکزی حیثیت اختیار کر رہی ہے۔
اسی طرح صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب کو بھی انٹرنیشنل کرکٹ کے معیار سے ہم آہنگ ہونے میں مشکلات کا سامنا ہے جس کے باعث وہ رینکنگ میں نیچے چلے گئے ہیں۔
بیٹنگ کے چارٹ میں بھارت کے ابھیشیک شرما بدستور سرفہرست ہیں، جبکہ ان کے بعد تلک ورما، فل سالٹ، جوز بٹلر اور ٹریوس ہیڈ کے نام آتے ہیں۔
بولنگ کے محاذ پر بھی پاکستان کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ اسپنرز کی جوڑی صفیان مقیم اور محمد نواز نے نمایاں ترقی کی۔ صفیان 11 درجے ترقی کے ساتھ 22ویں پوزیشن پر پہنچ گئے اور یوں وہ پاکستان کے سب سے نمایاں بولر بن گئے، جبکہ محمد نواز نے 15 درجے اوپر آتے ہوئے 43ویں نمبر پر جگہ بنائی۔
فاسٹ بولرز میں شاہین آفریدی نے بھی ترقی کرتے ہوئے 26ویں نمبر پر قبضہ جمایا، تاہم حارث رؤف 4 درجے نیچے جا کر 28ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹس پر غور، ڈی کیٹیگری میں بڑی تبدیلیاں، نئے چہرے سامنے آئیں گے
اگرچہ پاکستان کی ٹی20 ٹیم نے حالیہ مہینوں میں غیر مستقل کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ نئے کھلاڑی تیزی سے ابھر رہے ہیں۔














