وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشتگرد معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر بزدلی کا مظاہرہ کررہے ہیں، لیکن وہ بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کے اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بات سول اسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر اور سی ایم ایچ کے دورے کے موقع پر کہی، جہاں انہوں نے شاہوانی اسٹیڈیم دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں بی این پی کے جلسے کے بعد دھماکا، اختر مینگل بال بال بچے
اس موقع پر محکمہ صحت کے حکام نے زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر اعلیٰ نے زخمیوں اور ان کے ورثا سے ملاقات کی اور علاج معالجے کے معیار کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے زخمیوں کے علاج کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے متاثرین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شدید زخمیوں کو فضائی سروس کے ذریعے گزشتہ شب ہی کراچی منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ علاج و معالجے میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی اور مریضوں سمیت ان کے ورثا کو مکمل اطمینان ہونا چاہیے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، سردار کوہیار خان ڈومکی، پارلیمانی سیکریٹری محمد خان لہڑی، رکن صوبائی اسمبلی علی مدد جتک اور سینیٹر آغا شاہزیب درانی بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے۔ علاوہ ازیں سیکریٹری صحت مجیب الرحمان، کمشنر کوئٹہ جہانزیب خان اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی بھی وفد کا حصہ تھے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ کے علاقے کوہلو میں بم دھماکہ، 2سیکورٹی اہلکار جاں بحق
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ شہدا کے اہل خانہ کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، حکومت مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔














