’غزہ کو بھوکا مت مارو‘: کاسمیٹکس برانڈ لش کا انوکھا احتجاج

جمعرات 4 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانوی کاسمیٹکس ریٹیلر لش نے غزہ میں بھوک اور انسانی بحران کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے برطانیہ میں اپنی تمام دکانیں، فیکٹریاں اور ویب سائٹ ایک دن کے لیے بند کردیں۔

بدھ کو کمپنی کی ویب سائٹ اور دکانوں کی کھڑکیوں پر یہ اعلان نمایاں کیا گیا کہ ’غزہ کو بھوکا مت مارو، ہم یکجہتی کے طور پر بند ہیں‘ دوسری جانب لندن کی آکسفورڈ اسٹریٹ پر واقع کمپنی کا مرکزی اسپا گوگل میپس پر’عارضی طور پر بند‘ ظاہر ہوتا رہا۔

مقامی ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے کمپنی کے شریک بانی مارک کانسٹنٹائن نے کہا کہ اس اقدام سے تقریباً 3 لاکھ پاؤنڈز کا نقصان ہوگا۔ تاہم انہوں نے اس فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا یہ بہتر ہوگا کہ ہم منافع کے بجائے غزہ کے لیے خوراک خرید سکیں۔

کمپنی کے بیان میں صارفین سے معذرت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’ہمارے کئی صارفین غزہ کی صورتحال پر ویسی ہی تشویش رکھتے ہیں جیسی ہم رکھتے ہیں۔‘

مزید پڑھیں: آئس کریم کمپنی بین اینڈ جیریز کے شریک بانی کا غزہ میں جنگ کیخلاف احتجاج، سینیٹ سے گرفتار

بیان میں برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ’قتل و غارت بند کرے، اسرائیل کو اسلحہ فروخت روک دے اور انسانی بحران ختم کرے۔‘

کمپنی نے یہ بھی کہا کہ آج برطانوی حکومت لش سے ایک دن کا ٹیکس ریونیو بھی کھو رہی ہے، تاہم کمپنی اس احتجاجی بندش کے دن بھی ملازمین کو تنخواہ دے رہی ہے۔

لش نے 2024 میں 102 ملین مصنوعات تیار کیں اور اس کی آمدنی 690 ملین پاؤنڈز رہی، کمپنی کے دنیا بھر میں 869 اسٹورز ہیں جن میں سب سے زیادہ برطانیہ میں ہیں۔

کمپنی کا فلسطین کے لیے فنڈ ریزنگ پروڈکٹ ’واٹر میلن سلائس صابن‘ اس کی تاریخ کا سب سے کامیاب پروڈکٹ ثابت ہوا ہے، جس سے حاصل شدہ منافع غزہ اور مغربی کنارے میں بچوں کی ذہنی صحت کی سہولیات پر خرچ کیا جاتا ہے۔

لش ماضی میں بھی مختلف سماجی اور سیاسی مسائل پر موقف اختیار کر چکی ہے، 2018 میں اس نے ’ہیش ٹیگ اسپائی کاپس‘ مہم چلائی تھی تاکہ برطانیہ میں خفیہ پولیس کے مبینہ غلط استعمال کو اجاگر کیا جا سکے۔

کمپنی نے ماحولیاتی مہمات جیسے ’روڈ بلاک‘ اور ’کلیئر دا اسکائیز‘ کو بھی براہِ راست رقوم دیں، تاہم اکتوبر 2023 میں ڈبلن کی ایک دکان پر ’بائیکاٹ اسرائیل‘ کا پوسٹر لگانے کی یہ کہہ کر مخالفت کی تھی کہ یہ کمپنی کے اصول ’سب خوش آمدید‘ کے مطابق نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp