پاکستانی شہری رواں ہفتے کے اختتام پر سال 2025 کا پہلا کل چاند گرہن دیکھ سکیں گے جس کے دوران چاند سرخی مائل رنگ اختیار کر لے گا، جسے عام طور پر ’بلڈ مون‘ کہا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے افق پر ’گلابی چاند‘ بآسانی کب دیکھا جاسکے گا؟
محکمہ موسمیات (PMD) کے مطابق کل چاند گرہن اتوار اور پیر کی درمیانی شب، یعنی 7 اور 8 ستمبر کو نظر آئے گا۔
گرہن کے اوقات (پاکستانی وقت کے مطابق)
گرہن کا آغاز 7 ستمبر کی رات 8 بج کر 28 منٹ پر ہوگا، جزوی گرہن 9 بج کر 27 منٹ پر شروع ہوگا جبکہ اس کا عروج یعنی مکمل گرہن 11 بج کر 12 منٹ پر پہنچے گا۔

جزوی گرہن 8 ستمبر کو رات 12 بج کر 57 منٹ پر ختم ہوگا اور کل گرہن کا اختتام رات 1 بج کر 55 منٹ پر ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرہن کا مجموعی دورانیہ 5 گھنٹے 27 منٹ ہوگا، جو پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر حصوں میں دیکھا جا سکے گا۔
دنیا بھر میں نظارہ ممکن
یہ نایاب مظاہرہ نہ صرف پاکستان بلکہ ایشیا، یورپ، افریقہ، آسٹریلیا اور بحرالکاہل کے خطوں میں بھی دیکھا جائے گا۔

اس کے علاوہ مغربی شمالی امریکا اور مشرقی جنوبی امریکا کے کئی ممالک میں بھی یہ نظارہ ممکن ہوگا۔ بھارت، بنگلہ دیش، چین، جاپان اور سعودی عرب بھی ان ممالک میں شامل ہیں۔
بلڈ مون کیوں ہوتا ہے؟
ماہرین فلکیات کے مطابق کل چاند گرہن اس وقت ہوتا ہے جب زمین، چاند اور سورج ایک سیدھی قطار میں آجائیں اور زمین سورج کی روشنی کو مکمل طور پر چاند تک پہنچنے سے روک دے۔

اس دوران سورج کی روشنی زمین کے ماحول سے مڑ کر چاند تک پہنچتی ہے اور چاند سرخی مائل رنگ میں دکھائی دیتا ہے۔ اسی کیفیت کو عام زبان میں ’بلڈ مون‘ کہا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جیمز ویب سے یورینس کا نیا چاند دریافت، کل تعداد 29 ہوگئی
محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر (کلائمیٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر) آصف حسین کے مطابق ’بلڈ مون‘ سائنسی اصطلاح نہیں ہے، اسی لیے اسے باضابطہ بیانات میں استعمال نہیں کیا جاتا، تاہم عوامی مشاہدے میں چاند سرخی مائل نظر آئے گا۔














