پنجاب اسمبلی میں 1500 سالہ ولادتِ مصطفیٰ ﷺ کے تاریخی موقع پر خیر مقدم کی قرارداد پیش کی گئی۔ یہ قرارداد چیف وہپ ن لیگ رانا ارشد نے ایوان میں جمع کروائی اور خود پڑھ کر پیش کی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان حضور اکرم ﷺ کی حیات طیبہ کو امن، محبت، عدل اور اخلاق کی کامل مثال کے طور پر تسلیم کرتا ہے اور جشن 1500 سالہ ولادت مصطفیٰ ﷺ کی عالمی تیاریوں پر دعوت اسلامی کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: عید میلاد النبیﷺ پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری
دعوت اسلامی کے تحت عالمی اجتماعات، سیرت کانفرنسز اور اصلاحی مہمات کو لائق تحسین قرار دیا گیا ہے۔
قرارداد میں ایوان نے مطالبہ کیا کہ پنجاب بھر میں سیرت النبی ﷺ کانفرنسز اور درود و سلام کی محافل سرکاری سرپرستی میں منعقد ہوں۔
مزید کہا گیا کہ طلبا کے درمیان تقریری مقابلے اور سیرت پر مبنی کتب نمائشیں صوبائی سطح پر منعقد کی جائیں، جبکہ سکولوں، کالجز اور جامعات میں خصوصی سیرت سیمینارز اور تعلیمی پروگرامز بھی کرائے جائیں۔
مزید پڑھیں: سال 2025 میں کتنی سرکاری چھٹیاں ہوں گی؟ حکومت نے اعلان کردیا
ایوان نے تجویز دی کہ جشن ولادت مصطفیٰ ﷺ کے موقع پر ’رحمت للعالمین ڈے‘ سرکاری سطح پر منایا جائے اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے سیرت نبوی ﷺ کے پیغام کو مؤثر انداز میں عام کیا جائے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ ایوان کا عزم ہے کہ نئی نسل کو سیرت طیبہ سے جوڑا جائے اور تعلیمات محمدی ﷺ کو عام کیا جائے، تاکہ معاشرے میں عشق رسول ﷺ کے تحت دین کی روشنی پھیلانے والی کوششوں کو فروغ ملے۔