وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے سرکاری دورے کے بعد پاکستان کے لیے روانہ ہوگئے۔
بیجنگ کے کیپیٹل انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پیپلز پولیٹیکل کنسلٹیٹو کانفرنس کی بیجنگ میونسپل کمیٹی کی رکن محترمہ ہین زیرونگ، چین میں تعینات پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کو الوداع کہا۔
اپنے دورہ چین کے دوران وزیراعظم نے تیانجن میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہان مملکت کے 25ویں اجلاس اور شنگھائی تعاون تنظیم پلس کے اجلاس میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ، وہ فاشزم کے خلاف عالمی جنگ کی 80 ویں سالگرہ کی تقریبات میں بھی شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف اور چینی ہم منصب کی ملاقات، نئے کاریڈورز پر ملکر کام کرنے پر اتفاق
وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدر و وزیراعظم کے علاوہ روس، ایران، ترکیہ، آذربائیجان اور تاجکستان کے صدور سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس دوران وزیراعظم نے دوسری چین-پاکستان بزنس ٹو بزنس کانفرنس میں بھی شرکت کی، جہاں دونوں ممالک کے کاروباری شعبے کے نمائندگان نے تجارتی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے امور پر بات چیت کی۔