راولپنڈی اسلام آباد، لاہور اور ملتان میں میٹرو بس سروس بحال، بلیو اور گرین لائنز بھی چل پڑیں

ہفتہ 13 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی اسلام آباد ، لاہور اور ملتان میں میٹروبس سروس،لاہور میں اورنج ٹرین بحال ہو گئی ہے، روات سے اسلام آباد اور بہارہ کہو سے اسلام آباد تک چلنے والی بلیو اور گرین لائنز بھی چل پڑی ہیں۔

9 مئی کو جب پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتار کیا گیا تو پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاج شروع کر دیا۔ جس کے باعث سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر راولپنڈی اسلام آباد، لاہور اور ملتان میں چلنے والی میٹروبس سروس بند کر دی گئی تھی۔

علاوہ ازیں روات سے اسلام آباد چلنے والی بلیو لائن، اور بہارہ کہو اسلام آباد سے چلنے والی گرین لائن بھی بند کر دی گئی تھیں، لاہور میں اورنج ٹرین بھی بند کر دی گئی تھی۔

جہاں میٹرو بس سروس بند ہونے سے جڑواں شہروں کے لاکھوں مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا وہاں بلیو لائنز اور گرین لائنز پر سفر کرنے والے شہریوں کو بھی مشکلات سے دوچار رہے۔

مہنگائی کے اس دور میں میٹروبس، بلیو لائنز اور گرین لائنز شہریوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہیں، ان سروسز کی بندش سے شہریوں کو مہنگا سفر کرنا پڑتا ہے جس کے باعث غریب شہری انتظار میں رہتے ہیں کب سفر کے یہ سستے ذریعے بحال ہوں اور ان کی مشکلات کم ہوں۔

راولپنڈی اسلام آباد میں میٹرو بس سروس 4 دن بند رہنے کے بعد بحال ہونے، ساتھ ہی بلیو لائنز اور گرین لائنز کے چل پڑنے سے شہری بھی خوشی سے نہال ہو گئے ہیں۔

دوسری طرف لاہور اور ملتان میں بھی میٹرو بس سروس بحال ہو گئی ہے جبکہ لاہور میں چلنے والی اورنج ٹرین بھی چل پڑی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp