جناح ہاؤس پر حملہ: شرپسندوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات کا فیصلہ

ہفتہ 13 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جناح ہاؤس لاہور اور دیگر فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے بیشتر شر پسندوں کی شناخت کر لی ہے۔ مزید شر پسندوں کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے۔

حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ ان شر پسندوں میں دانش منیر سکنہ لاہور، سعود سکنہ لاہور، عدنان اشرف سکنہ لاہور، فاروق زمان سکنہ راولپنڈی، علی حسن عباس سکنہ لاہور، چوہدری مسعود معراج سکنہ لاہور، محمد تیمور جعفر سکنہ لودھراں، علی افتخار سکنہ لاہور، عامر حمزہ سکنہ پاک پتن، وقاص پرویز سکنہ لاہور، سجاد سعید سکنہ ملتان، یوسف گلزار سکنہ لاہور، محمد ارسلان سکنہ لاہور اور علی رضا سکنہ اوکاڑہ شامل ہیں۔ مزید شر پسندوں کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے۔ شر پسندوں کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔

شرپسندوں کے خلاف مقدمات انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلائے جائیں گے:محسن نقوی

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے زیر صدارت امن و امان کی صورت حال پر جائزہ اجلاس میں جناح ہاؤس اور عسکری و سول تنصیبات میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے افسوسناک واقعات کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جے آئی ٹی واقعات کی تحقیقات کر کے جامع رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔ اجلاس میں تمام شر پسندوں کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ توڑ پھوڑ والے تمام مقامات کی جیو فینسنگ کرائی جائے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ شر پسندوں کے خلاف تمام مقدمات انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلائے جائیں گے۔ کسی گناہ گار کو چھوڑیں گے نہیں اور بے گناہ کو پکڑیں گے نہیں۔

محکمہ پبلک پراسیکیوشن  کو تمام مقدمات کا فوری ٹرائل یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محسن نقوی نے کہا شواہد اور ثبوتوں کے ساتھ ہر شر پسند کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ جناح ہاوس سمیت عسکری، سول و نجی املاک پر حملہ کرنے والے عناصر عبرتناک سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔ شرپسندوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ان شاء اللہ 15 مئی کو تعلیمی ادارے کھول دیئے جائیں گے۔ صورتحال میں بہتری آرہی ہے، عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔ متعلقہ ادارے امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے بہترین کوآرڈینیشن جاری رکھیں۔ شرپسند عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری فورس الرٹ ہے۔

انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور شرپسندوں کے خلاف کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، سیکرٹری قانون، سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

خیبر پختونخوا میں شر انگیز کاروائیوں میں بیشتر شر پسندوں کی شناخت ہو گئی

ملکی املاک اور فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث تمام شر پسندوں کے خلاف قانونی کاروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا بشمول پشاور کینٹ پر حملے اور شر انگیز کاروائیوں میں شناخت کیے جانے والوں ملزمان میں گل داد خان سکنہ باجوڑ، بشیر خان سکنہ لوئر دیر، ملک شفیع اللہ سکنہ لوئر دیر، ملک لیاقت علی سکنہ لوئر دیر، اعظم خان، ریحان زیب خان سکنہ باجوڑ، امتیاز رحمان، رحیم اللہ، اوّل خان، فیروزشاہ، عاصم شعیب، شکیل احمد سابق ایم پی اے سکنہ ملاکنڈ، ڈاکٹر خلیل الرحمن سکنہ باجوڑ، ریاست خان سکنہ ضلع مہمند، محترم خان مہمند سکنہ ضلع مہمند، سجاد محمد سکنہ ضلع مہمند، حمزا لطیف سکنہ مانسہرہ، تیمور احمد ساکن ایبٹ آباد، شہریار خان سکنہ ایبٹ آباد، وہاب سکنہ ہنگو، صفدر حسین سکنہ ایبٹ آباد، محمد ایاز سکنہ ایبٹ آباد، تیمور خالد سکنہ ایبٹ آباد، وجاہت ابراہیم سکنہ ہری پور، وقاص خان سکنہ ہری پور، شہزاد علی سکنہ ہری پور، جنید خان سکنہ ہری پور، سکندر زیب خان سکنہ باجوڑ، سکندر زیب خان سکنہ باجوڑاور اویس خان یوسفزئی شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp