وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یوم فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں پاک فضائیہ کے جانبازوں اور شہدا کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یوم فضائیہ کا یہ تاریخی دن ہمیں پاک فضائیہ کے بہادر سپوتوں کی جرأت اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم ان شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔
یہ بھی پڑھیے: دفاعِ پاکستان میں پیش پیش رہنے والے مسیحی جانثار
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق اپنے آپ کو ایک اعلیٰ اور پیشہ ور ادارے کے طور پر منوایا ہے اور آج اس کی پیشہ ورانہ مہارت دنیا کی کسی بھی فضائیہ سے کم نہیں۔

شہباز شریف نے 1965 کی پاک بھارت جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں پاک فضائیہ کے جوانوں کی شجاعت اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن نئی نسل کو بہادری اور لگن کے جذبے کی یاد دہانی کرواتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حالیہ تاریخ میں بھی پاک فضائیہ نے اپنی اعلیٰ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن بنیان المرصوص میں فیصلہ کن کردار ادا کیا جس سے دنیا بھر میں پاکستان کا وقار بلند ہوا۔
یہ بھی پڑھیے: پاک فضائیہ کا یومِ شہدا عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، ایئر چیف کا شہیدوں کو خراجِ تحسین
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، بے باک قیادت اور جنگی صلاحیتیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ کسی بھی بڑے دشمن کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ پاک فضائیہ آئندہ بھی مادرِ وطن کی خودمختاری، فضائی و زمینی سرحدوں اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار رہے گی۔












