امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک مرتبہ پھر متنازع خبروں کی زینت بن گئے۔ اس بار وہ یو ایس اوپن 2025 کے مینز سنگلز فائنل کے دوران اسٹیڈیم پہنچے جہاں ان کی آمد کی وجہ سے میچ آدھے گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہو گیا۔
آرتھر ایش اسٹیڈیم میں ہونے والے اس فائنل میں اسپین کے کارلوس الکاراز اور اٹلی کے یانک سنر مدِمقابل تھے۔ شائقین ٹینس کا یہ بڑا مقابلہ دیکھنے کے لیے بے صبری سے منتظر تھے لیکن ٹرمپ کی آمد نے پورے انتظامات کو متاثر کر دیا۔
یہ بھی پڑھیے: ٹرمپ فٹبال کے دلدادہ نکلے، فیفا کلب ورلڈ کپ فائنل میں شرکت کے خواہشمند
اسٹیڈیم میں داخلے کے دوران خفیہ سروس اور وفاقی سیکیورٹی اہلکاروں کو سخت چیکنگ کرنا پڑی۔ بیگوں کی تلاشی اور میٹل ڈیٹیکٹرز سے گزرنے کی وجہ سے تماشائیوں کو اندر پہنچنے میں دشواری پیش آئی۔ میچ جو دوپہر 2 بجے شروع ہونا تھا، تقریباً 30 منٹ بعد شروع کیا گیا۔
خفیہ سروس کے ترجمان نے بھی اعتراف کیا کہ صدر کی سیکیورٹی کے باعث وقت ضائع ہوا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ حفاظتی انتظامات کی وجہ سے شائقین کو انتظار کرنا پڑا۔ ہم سب کے صبر اور تعاون کے شکر گزار ہیں۔
میچ کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں الکاراز اور سنر کی تعریف کی اور طنزیہ انداز میں کہا کہ مداح بہت اچھے تھے، مجھے نہیں معلوم تھا کہ کیا توقع کروں۔ عام طور پر آپ کہیں گے کہ یہ کچھ ’پروگریسو‘ قسم کا مجمع ہے۔