آج بروز منگل سندھ، جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی و جنو بی بلوچستان میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کہیں کہیں تیز موسلا دھار بارش کی توقع ہے۔ تاہم بعد از دوپہر شمال مشر قی پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
آج شدید بارشوں کے باعث میرپور خاص، شہید بینظیر آباد، تھرپارکر، خیرپور، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، حیدرآباد، دادو اور کراچی کے نشیبی علاقے، ساحلی علاقے زیر آب آنے کاخدشہ ہے۔ حب ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے۔

اس دوران پنجاب اور سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مزید بارشوں سے صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
جبکہ ڈیرہ غازی خان اور اس سے ملحقہ بلوچستان کے مشرقی و جنوبی حصے اور کِیرتھر کے پہاڑی سلسلہ (دادو )کے مقامی برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
آج رات اور 10 ستمبر کے دوران لسبیلہ، پسنی، اورماڑہ، آواران اورمکران سا حل کے نشیبی علا قے بھی زیر آب آنے کا خد شہ ہے۔
شدید بارشوں، آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے ، کمزور انفرا سٹرکچر ( کچے گھر، دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز،گاڑیوں، سولر پینل وغیرہ)کو نقصان کا اندیشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مسافر اور سیاح حضرات سفر کے دوران زیادہ محتاط رہیں، موسمی حالات کے مطابق اپنے سفر کا انتظام کریں اور بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے موسم کے بارے میں آگاہی حاصل کریں۔

محکمہ کے مطابق بدھ کے روز جنو بی بلوچستان اور زیریں سندھ میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ جنو بی بلوچستان میں تیز موسلا دھار، شدید موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
اس دوران شمال مشر قی پنجاب، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ سندھ اور پنجاب میں چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوئی۔














