عمران خان آج کے دن کیا کچھ کریں گے؟

ہفتہ 13 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانتیں ملنے کے بعد عمران خان رات گئے لاہور پہنچے تو کارکنان سمیت عمران خان کی بیگم اور بہنوں نے زمان پارک گھر کے گیٹ کے اندر بچوں سمیت خان صاحب کو ویلکم کیا۔ گھر کے اندر اور باہر کے حالات اپنی بہنوں اور بھانجوں سے پوچھنے کے بعد اپنے کمرے میں آرام کے لیے چلے گئے۔

عمران خان آج زمان پارک میں مصروف دن گزاریں گے

عمران خان زمان پارک پہنچنے کے بعد آج اپنی سیاسی مصروفیات جاری رکھیں گے۔ عمران خان اپنی قانونی ٹیم کے ممبر حامد خان، اعظم سواتی سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ عمران خان لاہور اور پورے ملک میں ہونے والے ہنگاموں پر بھی پارٹی سے تفصیلی بریفنگ لیں گے۔

عمران خان قوم سے خطاب کریں گے

عمران خان قریباً پانچ بجے قوم سے خطاب بھی کریں گے جس میں وہ اپنے اگلے لائحہ عمل اور سیاسی جدو جہد جاری رکھنے اور دونوں صوبوں میں الیکشنز کے حوالے سے قوم کو آگاہ کریں گے۔ عمران خان اپنے خطاب میں نیب کی حراست میں 2 دن کیسے گزارے اور کسطرح اسلام آباد ہائی کورٹ سے انہیں گرفتار کیا گیا یہ سب کچھ عوام کو بتائیں گے۔ عمران خان انٹرنیشل میڈیا کو انٹرویوز بھی دے رہے ہیں۔

زمان پارک کے باہر لگائے کیمپ دوبارہ آباد

چئیرمن تحریک انصاف عمران خان زمان پارک کی رہائش گاہ میں موجود ہیں۔ کارکنان بھی کئی ہفتوں بعد زمان پارک میں سرگرم ہیں کئی ہفتوں بعد زمان پارک میں قائم کیمپ آباد ہو گئے ہیں۔ عمران خان کے ذاتی محافظوں نے سیکیورٹی سنبھال رکھی ہے۔

سوموار کو اسلام آباد پیشی پر خصوصی تیاری ہوگی

وی نیوز کو ایک پارٹی رہنما نے بتایا کہ ’سوموار کو پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو اسلام آباد پیشی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی جائے گی۔ اگر مولانا فضل الرحمن اور پی ڈی ایم کی جماعتیں سپریم کورٹ کے باہر دھرنے دیں گی تو تحریک انصاف کے لوگ اظہار یکجہتی کے لیے خان صاحب کے ساتھ ضرور جائیں گے ہم ہر قسم کی نتائج بھگتنے کو تیار ہیں۔

اسلام آباد روانگی سے قبل بکروں کا صدقہ دیا جائے گا

سوموار کے روز جب عمران خان گھر سے نکلیں گے تو 2 کالے بکروں کا صدقہ بھی دیا جائے تاکہ عمران خان خیر خریت سے گھر واپس لوٹ آئیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp