بحرین کے وزیرداخلہ لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبد اللہ الخلیفہ 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بحرین کا گولڈن ویزا کن پاکستانیوں کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے؟
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق منگل کے روز بحرین کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبد اللہ الخلیفہ پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کی دعوت پر 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے، اسلام آباد آمد پر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے مہمان وزیر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر اسلام آباد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔
بحرین کے وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا اور یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کا دورہ بحرین، بادشاہ سمیت اہم سول و فوجی شخصیات سے ملاقاتیں
دورے کے دوران بحرین کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبد اللہ الخلیفہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان انسانی سمگلنگ، انسدادِ منشیات، سیکیورٹی اور انسدادِ دہشتگردی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔