’وزیراعظم جو ذمہ داری دیں گے، وہ دیانت داری سے ادا کریں گے‘: سینیٹر منتخب ہونے کے بعد رانا ثنا اللہ کا بیان

منگل 9 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما و نو منتخب سینیٹر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف انہیں جو بھی ذمہ داریں دیں گے وہ اسے دیانتداری سے ادا کریں گے۔

9مئی کیس میں سزا پانے والے سابق سینیٹر اعجاز چوہدری کی خالی نشست پر پنجاب اسمبلی میں آج انتخاب ہوا، پاکستان تحریک انصاف نے اس عمل کا مکمل بائیکاٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما رانا ثنااللہ سینیٹر منتخب

 پی ٹی آئی کا کوئی بھی رکن اسمبلی ووٹ ڈالنے نہیں آیا۔ ایک روز قبل ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی نے اعلان کیا تھا کہ 9 ستمبر کو ہونے والے سینیٹ الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے۔

سابق سینیٹر اعجاز چوہدری کی اہلیہ نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے تھے تاہم آج کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے تمام اراکین نے رانا ثنا اللہ کے حق میں ووٹ کاسٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کا بائیکاٹ کرنا اپنے ممبران پر عدم اعتماد ہے، رانا ثنا اللہ

صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق رانا ثنا اللہ 250 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ انہیں ڈالے گئے کل 251 ووٹوں میں سے ایک مسترد ہوگیا۔

بعد ازاں پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف نے جمہوری عمل کا بائیکاٹ کرکے راہ فرار اختیار کی، پی ٹی آئی نے پہلے کاغذات کی پڑتال کا عمل مکمل کیا، پھر ہائیکورٹ گئے اور ناکامی کے بعد بائیکاٹ کا فیصلہ کیا، جو دراصل اپنے ہی اراکین پر عدم اعتماد ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے 10 سے زائد ممبران مجھے ووٹ ڈالنا چاہتے تھے، اس لیے بائیکاٹ کیا گیا، رانا ثنا اللہ

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے 10 سے 12 اراکین اسمبلی نے ان سے رابطہ کیا اور ووٹ دینے کی خواہش ظاہر کی۔

مزید گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کابینہ وزیراعظم کی ٹیم ہے اور ہر وزیر اپنی ذمہ داری نبھا رہا ہے، ایسا نہیں ہوتا کہ وزراء کی جگہیں تبدیل کی جائیں۔ شہباز شریف جو بھی ذمہ داری دیں گے وہ اسے دیانت داری سے ادا کریں گے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp