اسرائیلی حملہ خطے کے لیے اہم موڑ، جواب کا حق محفوظ رکھتے ہیں، قطری وزیراعظم کا دوٹوک اعلان

بدھ 10 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے کہا ہے کہ اسرائیل کے دوحہ میں حماس رہنماؤں پر حملے کے بعد قطر اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے اس واقعے کو خطے کے لیے ایک فیصلہ کن لمحہ بھی قرار دیا۔

قطری وزیراعظم نے منگل کی شب پریس کانفرنس میں کہا کہ قطر اس کھلے عام حملے کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ آج خطہ ایک فیصلہ کن موڑ پر پہنچ گیا ہے اور اس طرح کے وحشیانہ اقدامات کے خلاف پورے خطے کو مشترکہ ردعمل دینا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے: حماس رہنماؤں پر حملہ: قطر کی پیشگی امریکی اطلاع کی تردید، حماس نے امریکا کو حملے کا ذمہ دار قرار دیدیا

انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیلی حملے کے باوجود قطر جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے اپنی ثالثی کی کوششیں جاری رکھے گا۔ ‘ہماری خطے میں ثالثی کی کوششوں کو کچھ بھی روک نہیں سکتا۔’

دوسری طرف قطری امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک رابطے میں کہا کہ ان کا ملک اپنی سلامتی کے تحفظ اور خودمختاری کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

قطر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو لکھے گئے خط میں کہا کہ اسرائیلی کارروائیاں خطے کے امن کو برباد کرنے کے مترادف ہیں اور قطر ایسے غیر ذمہ دارانہ رویے کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔ قطر کی اقوام متحدہ میں مستقل مندوب عالیہ احمد سعید آل ثانی نے اسرائیلی حملے کو بزدلانہ مجرمانہ اقدام قرار دیا جو تمام عالمی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: دوحا میں اسرائیلی حملہ قطر کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے، انتونیو گوتریس

دوسری جانب قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا کہ قطر کو امریکی حکام کی جانب سے پیشگی اطلاع نہیں ملی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دعوے کہ قطر کو پہلے سے آگاہ کیا گیا تھا بالکل غلط ہیں۔ ہمیں امریکی اہلکار کی کال اس وقت موصول ہوئی جب دوحہ میں اسرائیلی حملے کے دھماکوں کی آوازیں گونج رہی تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp