آج ملک کے کن علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

بدھ 10 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آج بدھ کے روز کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

موسم کی مجموعی صورتحال کے مطابق بدھ کے روز سندھ کے کراچی، حیدرآباد، سجاول، ٹھٹھہ، بدین، جامشورو اور دادو سمیت کئی اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے لسبیلہ، ساحل مکران، گوادر، خضدار، آوران، پنجگور اور کیچ میں بھی اکثر مقامات پر بارش اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیے: کراچی میں موسلا دھار بارش، نکاسیٔ آب کا نظام درہم برہم، 3 شہری جاں بحق

محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب کے زیادہ تر علاقے گرم اور خشک رہیں گے لیکن راولپنڈی، مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم جزوی ابرآلود رہے گا تاہم ایبٹ آباد، مانسہرہ اور بٹگرام میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

گلگت بلتستان میں موسم خشک اور کشمیر میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔

کراچی

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد کراچی کے مغرب میں موجود بارش برسانے والا سسٹم آج بدھ کے روز بھی اثر انداز رہے گا جس کے باعث مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش کے امکانات ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارش کا انتباہ جاری

ماہر موسمیات انجم نذیر ضیغم نے بتایا ہے کہ یہ ڈپریشن مزید کمزور ہوکر طاقتور کم دباؤ یعنی ’ویل مارک ایریا‘ میں تبدیل ہوگا اور جمعرات تک بحیرہ عرب کی جانب منتقل ہوجائے گا، جس کے بعد کراچی میں بارشوں کی شدت میں کمی واقع ہوگی اور صرف ہلکی بارش یا بونداباندی کے امکانات باقی رہیں گے۔

تاہم آج شام اور رات کے دوران بعض مقامات پر تیز بارش کے امکانات کو رد نہیں کیا جا سکتا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp