وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بحرین کے وزیر داخلہ جنرل راشد بن عبداللہ آل خلیفہ نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وزیراعظم نے بحرین کے وزیر داخلہ کو خوش آمدید کہا اور بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور پاکستان تجارت سمیت مختلف شعبوں میں بحرین کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
مزید پڑھیں: بحرین کے وزیر داخلہ اسلام آباد پہنچ گئے، اعلی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے
انہوں نے بتایا کہ بحرین میں مقیم ایک لاکھ 20 ہزار پاکستانی دونوں ملکوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ بحرین کے سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے لیے تیز تر ویزہ پراسیسنگ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے بحرین کے پولیس اہلکاروں کو نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں تربیت دینے کی پیشکش بھی کی۔
مزید پڑھیں: بحرین کا گولڈن ویزا کن پاکستانیوں کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے؟
بحرین کے وزیر داخلہ نے پرتپاک استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔














