امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بھارت اور امریکا کے درمیان تجارتی رکاوٹیں ختم کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔
سماجی رابطے کے اپنے پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اپنے بہترین دوست بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے آئندہ چند ہفتوں میں گفتگو کے منتظر ہیں۔ ان کے مطابق دو عظیم ممالک کے لیے کسی کامیاب نتیجے تک پہنچنا زیادہ مشکل نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا بھارت مشترکہ بیان میں پاکستان کا تذکرہ: امریکی ڈپٹی سفارتی مشن کی وزارت خارجہ طلبی
صدر ٹرمپ کے بیان پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ وہ بھی ٹرمپ سے بات کرنے کے خواہاں ہیں۔
نریندر مودی نے ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہاکہ بھارت اور امریکا قریبی دوست اور فطری شراکت دار ہیں، اور انہیں یقین ہے کہ مذاکرات دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات میں نئی راہیں کھولیں گے۔
India and the US are close friends and natural partners. I am confident that our trade negotiations will pave the way for unlocking the limitless potential of the India-US partnership. Our teams are working to conclude these discussions at the earliest. I am also looking forward… pic.twitter.com/3K9hlJxWcl
— Narendra Modi (@narendramodi) September 10, 2025
ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی ٹیمیں گفت و شنید کو جلد مکمل کرنے کے لیے سرگرم ہیں تاکہ عوام کے خوشحال اور روشن مستقبل کے لیے مشترکہ کوششیں کی جا سکیں۔
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں امریکا اور بھارت کے تعلقات میں سرد مہری رہی ہے، جبکہ صدر ٹرمپ بارہا مودی پر تنقید کرتے رہے ہیں۔
بھارت کی جانب سے تجارتی معاہدہ طے نہ پانے کے بعد ٹرمپ نے بھارت پر ٹیرف 50 فیصد تک بڑھا دیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی وہ پاک بھارت کشیدگی میں اپنے ممکنہ کردار کا ذکر کرتے رہے ہیں جسے بھارت تسلیم نہیں کرتا۔
ٹرمپ نے ماضی میں کہا تھا کہ بھارت نے محصولات کو صفر کرنے کی پیشکش کی ہے لیکن اب یہ پیشکش بہت دیر سے آئی ہے، یہ کئی برس قبل ہونی چاہیے تھی۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ بھارت پر عائد امریکی ٹیرف کم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق تجارتی کشیدگی کے تناظر میں ٹرمپ نے اپنا بھارت کا دورہ بھی منسوخ کر دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کی بھارت کو پھر تنبیہ، روسی تیل کی درآمدات پر ’سنجیدگی‘ دکھانے کا مطالبہ
اسی دوران چینی شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے موقع پر ایک موقع پر صدر شی جن پنگ کے ساتھ ولادیمیر پیوٹن اور نریندر مودی کو ایک ساتھ آگے بڑھتے دیکھا گیا۔
اس منظر کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے ٹرمپ نے لکھا: ’ایسا لگتا ہے کہ ہم نے بھارت اور روس کو چین کے سب سے گہرے اور تاریک دائرے میں کھو دیا ہے۔‘














