#11SETTEMBRE 2001 🕯
Diciannove terroristi di al-Qaida dirottano quattro aeroplani: due si schiantano contro le Twin Towers a New York, uno contro il Pentagono a Washington, mentre il 4° aereo cade in un campo in Pennsylvania.
Muoiono 2.996 persone.pic.twitter.com/rSUn5NZswD
— Asiablog.it (@Asiablog_it) September 11, 2025
آج سے 24 سال قبل 11 ستمبر 2001 کو ہونے والے دہشتگرد حملوں نے دنیا کی تاریخ کا رخ بدل دیا۔
القاعدہ کے خودکش حملہ آوروں نے 4 طیاروں کو اغوا کرکے امریکا کے اہم مراکز کو نشانہ بنایا، جس میں مجموعی طور پر 2 ہزار 977 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ ہزاروں بعد ازاں بیماریوں کا شکار ہو کر جان سے گئے۔
حملے کی تفصیل
امریکن ایئرلائنز فلائٹ 11 اور یونائیٹڈ ایئرلائنز فلائٹ 175 کو نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی شمالی اور جنوبی ٹاورز سے ٹکرا دیا گیا۔
صرف 17 منٹ کے وقفے سے ٹاورز کو نشانہ بنایا گیا، جو آگ اور دھویں میں گھِر گئے اور دو گھنٹے کے اندر زمیں بوس ہوگئے۔
ایک اور طیارہ، امریکن ایئرلائنز فلائٹ 77، امریکی محکمہ دفاع کے ہیڈکوارٹر پینٹاگون سے ٹکرایا۔
چوتھا طیارہ، یونائیٹڈ ایئرلائنز فلائٹ 93، پنسلوانیا کے علاقے شینکس ویل میں اس وقت گر کر تباہ ہوا جب مسافروں نے اغواکاروں کو قابو کرنے کی کوشش کی۔ خیال ہے کہ ہائی جیکرز کا ہدف امریکی کانگریس تھی۔
جانی نقصان
ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں 2 ہزار 606 افراد مارے گئے جن میں 343 فائر فائٹرز اور 72 پولیس اہلکار شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں:قدامت پسند نوجوان رہنما چارلی کرک ہلاک، امریکا میں 4 روزہ سرکاری سوگ کا اعلان
پینٹاگون میں 125 افراد ہلاک ہوئے جبکہ چاروں پروازوں پر موجود 246 مسافر اور عملہ بھی جان سے گیا۔
طویل المدتی اثرات
نائن الیون کے بعد زہریلے ملبے کے باعث ہزاروں متاثرین اور ریسکیو اہلکار کینسر اور دیگر بیماریوں کا شکار ہوئے۔
2025 تک ورلڈ ٹریڈ سینٹر ہیلتھ پروگرام کے مطابق تقریباً 50 ہزار افراد کینسر میں مبتلا اور 8 ہزار 200 سے زائد افراد ان بیماریوں کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔
پس منظر اور ردعمل
یہ منصوبہ القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی نگرانی میں بنایا گیا، جبکہ خالد شیخ محمد کو اس کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا جاتا ہے۔
حملے کے بعد امریکا نے افغانستان پر حملہ کیا، اور 2011 میں ایبٹ آباد آپریشن کے دوران بن لادن کو ہلاک کر دیا گیا۔ خالد شیخ محمد تاحال گوانتانامو بے میں قید ہے۔
امریکا نے اپنی سیکیورٹی سخت کرنے کے لیے ہوم لینڈ سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ اور ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ایڈمنسٹریشن (TSA) قائم کیا، جبکہ پیٹریاٹ ایکٹ جیسے قوانین متعارف کرائے گئے۔
یادگاریں اور تعمیر نو
نیویارک میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی جگہ آج نائن الیون میموریل اور میوزیم موجود ہے جبکہ ’ون ورلڈ ٹریڈ سینٹر‘ یا فریڈم ٹاور 1,776 فٹ بلند ہے۔
پینٹاگون کے متاثرہ حصے کو ایک سال کے اندر دوبارہ تعمیر کر لیا گیا اور اگست 2002 میں دفاتر کھول دیے گئے۔