گرانٹ بریڈ برن کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا

اتوار 14 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹرگرانٹ بریڈ برن کو پاکستان نیشنل مینز ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا۔ بریڈ برن اگلے 2 سال تک ٹیم کے کوچنگ پینل کی قیادت کریں گے۔

بریڈ برن نے کنسلٹنسی کی بنیاد پر نیوزی لینڈ کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ہوم سیریز کے دوران ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دیں۔ بابر اعظم کی زیرقیادت ٹیم نے 5 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز میں مہمان ٹیم کو 4-1 سے شکست دی۔

مہمان ٹیم سے اس جیت کے بعد پاکستانی ٹیم ون ڈے فارمیٹ میں ’آئی سی سی‘ رینکنگ میں ٹاپ پر پہنچ گئی تاہم پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز 2-2 سے برابر رہی۔

بریڈ برن قومی ٹیم کی صیلاحیتوں سے بخوبی واقف ہیں اس سے قبل وہ 2018 سے 2020 تک قومی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ پاکستان میں کوچ کے طور پر خدمات سرانجام دینے سے قبل نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر بریڈ برن سکاٹ لینڈ کی مینز ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر کام کرتے رہے ہیں۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرپرسن نجم سیٹھی نے کہا کہ میں گرانٹ بریڈ برن کو مینز ٹیم کا ہیڈ کوچ نامزد کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ بریڈ برن کے پاس کوچنگ کا وسیع تجربہ ہے۔

بریڈ برن ہماری ثقافت اور کرکٹ کے فلسفے کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اور ہماری ٹیم کو آگے لے جانے کے لیے ایک مثالی کردار ادا کریں گے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ مکی آرتھر کے بطور ٹیم ڈائریکٹر کے اعلان کے بعد بریڈ برن کی تقرری ایک اعلیٰ صیلاحیتوں کے کوچنگ پینل کو تشکیل دینے کی ہماری کوششوں میں ایک اور قدم ہے تاکہ ہمارے کھلاڑی ان کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکیں اور تینوں فارمیٹس میں عالمی کرکٹ پراپنی داغ بٹھا سکیں۔

مینز ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر اپنی تقرری کے اور حکمت عملی واضح کرتے ہوئے گرانٹ بریڈ برن نے کہا: ’’پاکستان جیسی انتہائی باصلاحیت اور ہنر مند ٹیم کے ساتھ بطور ہیڈ کوچ کام کرنا میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔ ہم اپنے کھیل کو مزید بہتر کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں اور اپنی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے بے چین ہیں۔

مکی آرتھر اور میں اپنے کھلاڑیوں کی صیلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے پرجوش ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ساتھ سیریز میں کامیابی کے بعد ہمیں مسلسل کامیابیوں کے لیے مثبت اشارے ملے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp