جنوبی پنجاب میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے تاریخی ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ کے جدید ایئر لفٹ ڈرونز متاثرہ علاقوں میں کھانا اور ادویات پہنچا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: سیلاب متاثرین کو ایئر لفٹ کرنے کے لیے پنجاب حکومت کتنے ڈرون استعمال کررہی ہے؟
بیان میں کہا گیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت سول ڈیفنس پنجاب سیلاب میں پھنسے افراد کے لیے امید کی کرن بن چکا ہے۔ ڈرون کی مدد سے ایسے دور دراز مقامات پر متاثرین کو تلاش کیا جا رہا ہے جہاں کشتیوں کے ذریعے رسائی ممکن نہیں۔
ایئر لفٹ ڈرونز ایک وقت میں 200 کلوگرام تک خوراک، ادویات اور دیگر امدادی سامان پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس آپریشن کی براہِ راست نگرانی سیکرٹری داخلہ پنجاب اور ڈائریکٹر سول ڈیفنس متاثرہ علاقوں میں جا کر کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: پنجاب: قدرتی آفات کے دوران انسانوں کو ریسکیو کرنے کے لیے پہلے ایئر لفٹ ڈرون کا آغاز
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی ایمرجنسی ایئر لفٹ ڈرون سروس ہے جس کے ذریعے ناقابل رسائی اور خطرناک مقامات سے انسانوں کو بھی محفوظ انداز میں ایئر لفٹ کیا جا سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مزید 10 ایئر لفٹ ڈرونز خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق سول ڈیفنس کے تربیت یافتہ اہلکار قیمتی انسانی جانیں بچانے اور ہر ممکن امداد فراہم کرنے میں مصروف ہیں، جبکہ پنجاب کے تمام متعلقہ محکمے اور افسران 24 گھنٹے فیلڈ میں متاثرین کی خدمت کر رہے ہیں۔













