چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے جوڈیشل کانفرنس جموں و کشمیر کی گولڈن جوبلی کے موقع پر آزاد کشمیر کی سپریم کورٹ کو مبارکباد دی۔
مظفر آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی سپریم کورٹ نے جرات اور عزت کے ساتھ خطے میں ایک اہم سنگ میل طے کیا ہے۔ تاہم آزاد کشمیر میں بھی کیسز کی تعداد میں اضافہ، ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی اور بچوں اور خواتین کی انصاف تک رسائی جیسے چیلنجز درپیش ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: ججز کیخلاف 64 شکایات کا فیصلہ ہو چکا، نئے عدالتی سال کی تقریب میں چیف جسٹس کا خطاب
انہوں نے آزاد جموں کشمیر کی عدلیہ کو مسائل کے حل میں سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ججز یا وکلا کے بجائے سائل کا مفاد ہمیشہ مقدم ہونا چاہیے، بینچ اور بار کے درمیان تعلقات مثبت ہونے چاہئیں، اس کے بغیر قانون کی حکمرانی اور اصلاحات ممکن نہیں۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس موقع پر عدلیہ اور انصاف کی فراہمی میں ٹیکنالوجی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور آزاد کشمیر کی عدلیہ کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔