ایپل نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ اس کا نیا موبائل آپریٹنگ سسٹم ’آئی او ایس 26‘ عام صارفین کے لیے 15 ستمبر کو جاری کیا جائے گا۔ یہ اپ ڈیٹ بیک وقت واچ او ایس 26، میک او ایس ٹاہو، آئی پیڈ او ایس 26 اور وژن او ایس 26 کے ساتھ دستیاب ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ریلیز کے روز غیر معمولی سرور ٹریفک کی وجہ سے بعض صارفین کو اپ ڈیٹ ڈاؤن لوڈ کرنے میں تاخیر کا سامنا ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی فون 17 لانچ کرتے ہی ایپل کو بڑا مالی نقصان، وجہ کیا بنی؟
اس نئے آپریٹنگ سسٹم کی سب سے نمایاں جھلک اس کا جدید ’لیکویڈ گلاس‘ ڈیزائن ہے جو شفاف اور گلاس نما عناصر، گول کنارے والے مینو اور پاپ آؤٹ نیویگیشن متعارف کرواتا ہے۔
بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین نے اسے ایک تازہ اور خوبصورت تبدیلی قرار دیا ہے، تاہم کچھ نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا ہے کہ شفافیت اور کمزور کنٹراسٹ کی وجہ سے اسکرین پر متن پڑھنے میں دشواری ہوسکتی ہے۔
ایپل نے اس اپ ڈیٹ میں کئی نئے فیچرز بھی شامل کیے ہیں جن میں براہِ راست ترجمے کی سہولت ’لائیو ٹرانسلیشن‘، متحرک لاک اسکرین آپشنز، کسٹم سنوز دورانیے، ایک ہاتھ سے کیمرہ چلانے کا موڈ، فون ایپ کا نیا ڈیزائن، میسیجز میں پولز اور بیک گراؤنڈ کی تخصیص، اور ایپل گیمز کا نیا تجربہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ وژول انٹیلیجنس اور دیگر چھوٹی مگر اہم تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل کے آئی فون 17 سیریز لانچ پر سام سنگ کا طنزیہ وار
کمپنی کے مطابق یہ اپ ڈیٹ آئی فون 11 یا بعد کے ماڈلز پر دستیاب ہوگا، جب کہ واچ او ایس 26 ایپل واچ سیریز 6، ایس ای 2 اور الٹرا ماڈلز کے لیے ریلیز کیا جائے گا۔ میک او ایس ٹاہو ایپل سیلیکون میکس 2020 یا بعد اور کچھ منتخب 2019 پلس انٹیل ماڈلز پر انسٹال ہوسکے گا۔
اسی طرح آئی پیڈ او ایس 26 آئی پیڈ پرو ایم4، آئی پیڈ پرو 3rd جنریشن یا بعد، آئی پیڈ ایئر ایم2 اور ایم3، آئی پیڈ ایئر 3rd جنریشن یا بعد، آئی پیڈ اے16، آئی پیڈ 8th جنریشن یا بعد، آئی پیڈ منی اے17 پرو اور آئی پیڈ منی 5th جنریشن یا بعد کے ڈیوائسز پر دستیاب ہوگا۔
ایپل نے یہ بھی بتایا ہے کہ وژن پرو ہیڈ سیٹ کے لیے وژن او ایس 26 اپ ڈیٹ جاری کیا جائے گا، جو وی آر اور اے آر انٹرفیس میں نئے ڈیزائن اور بہتر فیچرز فراہم کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل نے بلڈ پریشر مانیٹرنگ سمیت جدید فیچرز سے لیس واچ الٹرا 3 متعارف کروا دی
کمپنی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ اپ ڈیٹ انسٹال کرنے کے لیے اپنے آئی فون میں سیٹنگز کے جنرل سیکشن میں جاکر سافٹ ویئر اپ ڈیٹ چیک کریں۔ البتہ بعض فیچرز زبان یا خطے کی بنیاد پر فوری طور پر دستیاب نہیں ہوں گے۔