وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردی ہورہی ہے، ملک میں امن کے قیام کے لیے کوئی بھی ایکشن لینا پڑا تو لیں گے۔
بنوں سی ایم ایچ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ پاک فوج کے زخمی جوانوں کی عیادت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ریاست اور افواجِ پاکستان دہشتگردوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے عزم پر قائم ہیں اور اس راہ میں ہمارے جوان اپنی جانوں کی قربانی دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ بنوں، دہشتگردی کے خلاف اہم فیصلے
انہوں نے شہدا کی عظیم قربانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان قربانیوں کی لاج رکھنی ہوگی اور ان بہادر جوانوں کے اہلِ خانہ کی پکار پر سنجیدہ توجہ دی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف @CMShehbaz کا واضح اعلان دہشت گردوں کے خاتمہ تک کاروائی جاری رہے گی افغانستان کو بھی پیغام دیدیا بنوں میں شہدا کی نماز جنازہ کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ خطاب pic.twitter.com/NddzLqTcn9
— Azhar Javaid (@azharjavaiduk) September 13, 2025
شہباز شریف نے واضح الفاظ میں کہا کہ ملک میں ہر قسم کی دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو بھی اسی زبان میں جواب دیا جائے گا جس کے وہ حق دار ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں فتنہ الخوارج کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہاکہ پوری قوم بھارت کی پراکسیز کے خلاف متحد ہے اور خوارج اور بھارتی پراکسیز کو ہمیشہ کے لیے صفحہ ہستی سے مٹانے کے لیے تیار ہے۔
افغانستان کے حوالے سے وزیراعظم نے کہاکہ اگر کابل حکومت سچائی کے ساتھ تعلقات قائم کرنا چاہتی ہے تو پاکستان اس کے لیے تیار ہے، مگر واضح پیغام ہے کہ پاکستان یا خارجیوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گرد افغانستان سے آ کر پاکستان میں کارروائیاں کر رہے ہیں، اگر افغانستان دہشتگردوں کی پشت پناہی کرے گا تو پھر ہمیں نگراں افغان حکومت سے کوئی سروکار نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 35 دہشتگرد ہلاک، 12 جوان شہید
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ایک منصوبہ کابینہ میں پیش کیا جا رہا ہے جس پر تفصیلی بحث ہوگی اور اس کے بعد ضروری انتظامی اور قانونی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ قوم دہشت گردی کے معاملے پر سیاست اور گمراہ کن بیانیے کو یکسر رد کرتی ہے۔












