وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ملک میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر عوامی ریلیف کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی بلوں کی وصولی سے روک دیا۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت متاثرہ علاقوں میں بجلی کے بِلوں کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: سیلاب متاثرین نے اپنے لیے کاروبار کے نئے راستے تلاش کرلیے
وزیراعظم نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو سیلاب زدہ علاقوں میں صارفین سے اگست 2025 کے بجلی کے بلوں کی وصولی سے فوری طور پر روک دیا۔
وزیراعظم نے کہاکہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے پانے کے بعد متاثرہ علاقوں کے لیے بجلی کے بلوں کے حوالے سے تفصیلی پیکج کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جن سیلاب متاثرہ صارفین سے اگست 2025 کا بجلی کا بل وصول کیا جا چکا ہے وہ آئندہ ماہ ایڈجسٹ کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ سیلاب نے پورے پاکستان میں لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا ہے، مشکل کے اس وقت میں عوام کے دکھوں پر مرہم رکھنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی پنجاب میں سیلاب متاثرین کے لیے ایئر لفٹ ڈرونز سے ریسکیو و ریلیف آپریشن جاری
انہوں نے کہاکہ متاثرین کے ریسکیو و بحالی کے لیے وفاقی و صوبائی ادارے اپنی تمام تر کوششیں کررہے ہیں اور جب تک سیلاب متاثرین اپنے گھروں میں واپس نہیں چلے جاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔