دریائے ستلج میں طغیانی کے باعث بورےوالا کے نواحی علاقے ساہوکا کے قریب ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جب دلہا اور اس کے باراتی سیلابی پانی میں پھنس گئے۔
دلہا اپنی بارات عارفوالا لے کر جا رہا تھا کہ اچانک پانی کے ریلے نے ان کا راستہ روک لیا۔
یہ بھی پڑھیں:جنوبی پنجاب میں سیلاب متاثرین کے لیے ایئر لفٹ ڈرونز سے ریسکیو و ریلیف آپریشن جاری
ریسکیو ذرائع کے مطابق، باراتیوں نے فوری طور پر ریسکیو اہلکاروں سے مدد طلب کی، جس پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور باراتیوں سمیت دلہے کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
مقامی افراد کے مطابق، سیلابی ریلوں نے علاقے کی بستیوں کا زمینی رابطہ منقطع کر رکھا ہے جس کے باعث نقل و حرکت شدید متاثر ہوئی ہے۔
ریسکیو اہلکار مسلسل کشتیاں اور دیگر ذرائع استعمال کر کے متاثرہ لوگوں کو نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی بلوں کی وصولی سے روک دیا
یاد رہے کہ دریائے ستلج اور اس کے ملحقہ علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے سیلابی صورتحال جاری ہے۔
دریا میں پانی کی سطح بلند ہونے سے درجنوں دیہات متاثر ہوئے ہیں، فصلیں تباہ اور ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہیں۔
سرکاری اور نجی اداروں کی جانب سے خیمہ بستیاں قائم کر کے متاثرین کو خوراک اور امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگلے چند روز میں دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے باعث پنجاب کے نشیبی علاقوں میں مزید مشکلات پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔