پاکستان کی کوہ پیما نائلہ کیانی نے دنیا کی سب سےاونچی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کر لی جس کے بعد نائلہ کیانی 8,000 میٹر سے زیادہ بلند 5چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما بن گئی ہیں۔
نائلہ کیانی کون ہیں ؟
نائلہ کیا نی دبئی میں پاکستانی بینکر ہیں، وہ شوقیہ باکسر بھی ہیں، وہ 2 بچوں کی ماں بھی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ساتھ انہیں پہاڑوں سے لگاؤ بھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ آئے روز دنیا کی بلند ترین چوٹیاں سر کرنے میں لگی رہتی ہیں۔
2018 میں K2 بیس کیمپ میں نائلہ کیانی کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو انہیں بے پناہ شہرت ملی۔
نائلہ کیانی نے کون کون سی چوٹیاں سر کیں؟
کوہ پیماہ نائلہ کیانی نے 2021 میں 8035 میٹر بلند چوٹی ب گیشربرم II سر کی تھی، نائلہ کیانی نے جولائی 2022 میں کے ٹو اور 8068 میٹر بلند چوٹی گیشربرم I سر کی تھی اور 2023میں 8091میٹر بلند انا پورنا بھی سر کرنے کا کارنامہ سرانجام دیا۔
انہوں نے پاکستان کی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ کے بعد دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کی تھی اور اب انہوں نے دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ بھی سر کرلی ہے جس کے بعد وہ ایسا کرنے والی دوسری پاکستانی خاتون بن گئی ہیں۔
ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما کون ہیں؟
گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی ثمینہ بیگ پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنہوں نے دنیا کی سب سی اونچی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کی۔ ثمینہ بیگ نے محض 21برس کی عمر میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کی تھی۔
ثمینہ بیگ نے 2013میں دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کی تھی۔