پاکستان کے سینیئر اداکار عثمان پیرزادہ نے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنے ڈرامے ’ڈائن‘ کے حوالے سے وضاحت پیش کی۔
کچھ عرصے سے یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ پی ٹی وی ڈراما ڈائن بالی ووڈ فلم ’خون بھری ماںگ’ کی کاپی ہے۔ عثمان پیرزادہ نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔
اداکار نے بتایا ’ایک غلط فہمی پیدا ہوگئی تھی۔ میں ڈرامے میں گائناکالوجسٹ نہیں بلکہ پلاسٹک سرجن کا کردار ادا کر رہا تھا۔ اسپتال میں کئی ڈائریکٹرز تھے، اس لیے لوگوں کو کنفیوژن ہوا۔ ‘
یہ بھی پڑھیے: عثمان پیرزادہ اور ثمینہ پیرزادہ نے بھاگ کر شادی کیوں کی؟
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اسی نوعیت کا کردار اس سے قبل پی ٹی وی کے ڈرامے ’دوسری لڑکی‘ میں بھی کیا تھا، جو ایک ناول سے ماخوذ تھا۔ اس ڈرامے میں جاوید اور میں مرکزی کرداروں میں تھے جبکہ طلعت حسین نے وہ کردار نبھایا تھا جو بعد میں دایان میں میرے حصے میں آیا۔
عثمان پیرزادہ کے مطابق ‘دوسری لڑکی کی کہانی’ میں ایک پلاسٹک سرجن ایک لڑکی کو اپنی مقتول بیٹی کا چہرہ دیتا ہے اور پھر وہ لڑکی ایک ایسے گھر میں داخل ہوتی ہے جہاں لوگ اسے پہچان نہیں پاتے۔
انہوں نے کہا ’ہمارے اس ڈرامے کے بعد بھارت نے خون بھری ماںگ بنائی۔ آج لوگ کہتے ہیں کہ ڈائن اس فلم کی کاپی ہے حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ اس کا آئیڈیا ہمارے اپنے پی ٹی وی ڈرامے سے آیا تھا۔ ‘
یاد رہے کہ عثمان پیرزادہ اس وقت ڈراموں’میں منٹو نہیں ہوں ‘ اور’بڑے بھیا‘ میں اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کی داد سمیٹ رہے ہیں۔