ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کے لیے نیا ٹینڈر جاری کردیا ہے، جس کے تحت 23 ستمبر کو بولیاں طلب کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیکس چھوٹ سے آئی ایم ایف کا انکار، حکومت نے چینی درآمد کرنے کا ٹینڈر واپس لے لیا
ٹینڈر دستاویز کے مطابق تمام بولیاں اسی روز کھولی جائیں گی، جبکہ یہ شرط رکھی گئی ہے کہ چینی کی درآمد کے لیے کم از کم 25 ہزار میٹرک ٹن کی بولی ہی قابلِ قبول ہوگی۔
واضح رہے کہ 8 ستمبر کو ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کے لیے کھولے گئے پچھلے ٹینڈر میں ٹی سی پی کو گزشتہ ٹینڈر کے مقابلے میں کم نرخ پر آفرز موصول ہوئی تھیں۔ اس موقع پر سب سے کم بولی 545 ڈالر فی میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی تھی۔
ٹی سی پی کی رپورٹ کے مطابق 8 ستمبر کو کھولے گئے ٹینڈر میں مجموعی طور پر 5 بولیاں موصول ہوئیں، جن کی قیمتیں 545 ڈالر سے 578.50 ڈالر فی میٹرک ٹن کے درمیان تھیں۔ سب سے کم بولی سوسڈن مڈل ایسٹ (یو اے ای) کی جانب سے دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: مزید چینی درآمد کرنے کے لیے ٹینڈر جاری، پاکستانی کتنی چینی استعمال کرتے ہیں؟
یہ بھی یاد رہے کہ وفاقی کابینہ رواں سال جولائی میں 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کی منظوری دے چکی ہے، جسے سرکاری سطح پر ٹی سی پی کے ذریعے خریدا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی حکومت نے چینی کی درآمد پر ٹیکس میں رعایت بھی فراہم کر رکھی ہے۔