پاکستان کے اوپننگ بیٹر صائم ایوب نے ٹی20 ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران ایک ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں صائم ایوب اننگز کا آغاز کرنے کے لیے میدان میں اترے تو پہلی ہی گیند پر جسپریت بمراہ کو کیچ دے بیٹھے اور آؤٹ ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ: پاکستان اور بھارت کھلاڑیوں نے میچ ختم ہونے کے بعد ہاتھ نہ ملایا
صائم ایوب ٹی20 انٹرنیشنل میں 7 بار صفر پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ جس کے بعد وہ سب سے زیادہ بار صفر پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں تیسرے نمبر پر آگئے۔
اس لسٹ میں سابق کپتان بابر اعظم، محمد حفیظ اور کامران اکمل بھی تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستانی کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے بیٹر عمر اکمل ہیں جو 10 بار صفر پر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد شاہد آفریدی کا نام آتا ہے جنہیں 8 بار صفر پر آؤٹ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کیخلاف قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی، فواد چوہدری بابر اعظم اور محمد رضوان کے حق میں بول پڑے
آج کے میچ میں صائم ایوب کی جانب سے پہلی وکٹ گنوانے کے بعد قومی ٹیم وکٹ پر جم کر نہ کھیل سکی اور بھارتی ٹیم کو جیت کے لیے 128 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ اور یوں پاکستان کو پاک بھارت ٹاکرے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔