اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے مبینہ اغوا اور دھمکیوں کے کیس میں نامزد ملزم حسن زاہد کی ضمانت منظور کرلی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری عامر ضیا نے کیس کی سماعت کی، جس دوران تفتیشی افسر محمد اسحاق عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے موقع پر سامعہ حجاب بھی عدالت میں موجود تھیں۔ عدالتی عملے نے ہدایت دی کہ جج کے حکم پر میڈیا نمائندگان کو کمرہ عدالت سے باہر جانا ہوگا۔
سیشن عدالت نے سامعہ حجاب کیس میں ملزم حسن زائد کی ضمانت منظور کر لی،ہمارا معاملہ طے ہو گیا ہے میں اپنا کیس واپس لیتی ہوں مجھے ملزم کے ضمانت دینے اور بری ہونے پر کوئی اعتراض نہیں، سامعیہ حجاب pic.twitter.com/U8gmmAJY92
— Hussain Ahmed Ch (@HussainAhmedCh8) September 15, 2025
سماعت کے دوران سامعہ حجاب نے عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔ جج عامر ضیا نے استفسار کیا کہ کیا آپ کا معاملہ حل ہو گیا ہے؟ جس پر سامعہ حجاب نے جواب دیا کہ جی، ہمارا معاملہ طے ہو گیا ہے۔
مزید سوال پر انہوں نے کہاکہ وہ کیس کی مزید پیروی نہیں کرنا چاہتیں اور اس معاملے سے دستبردار ہو رہی ہیں۔
سامعہ حجاب نے عدالت کو بتایا کہ انہیں ملزم کے ضمانت حاصل کرنے اور بری ہونے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
سامعہ حجاب کے بیان کے بعد عدالت نے حسن زاہد کی ضمانت منظور کرلی۔ ملزم کے خلاف تھانہ شالیمار میں 2 مقدمات درج تھے۔
واضح رہے کہ ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے حسن زاہد پر الزام عائد کیا تھا تھا کہ انہوں نے مجھے اغوا کرنے کی کوشش کی ہے، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اغوا کیس کا ڈراپ سین: ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کا سابق منگیتر حسن زاہد کیخلاف مقدمات واپس لینے کا اعلان
بعد ازاں ملزم کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل ریمانڈ کے لیے جیل بھیج دیا گیا تھا۔