ایشیا کپ ٹی20 کے 11ویں میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سپر 4 مرحلے میں کوالیفائی کرلیا، جبکہ افغانستان ایونٹ سے باہر ہوگیا۔
ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 169 رنز بنائے۔ محمد نبی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 22 گیندوں پر 60 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 3 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔
مزید پڑھیں:صفر کی بہار، صائم ایوب نے ایشیا کپ میں کتنے ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرلیے؟
کپتان راشد خان نے 24 رنز بنائے جبکہ اوپنر ابراہیم زدران 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سری لنکا کی جانب سے نوان تھشارا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 18 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بیٹنگ لائن نے بھرپور کارکردگی دکھائی۔ وکٹ کیپر بیٹر کوشل مینڈس 74 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ کامندو مینڈس نے جارحانہ انداز میں 26 رنز بنائے۔
مزید پڑھیں: ایشیا کپ تنازع: میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی معافی مانگنے کی ویڈیو سامنے آگئی
کوشل پریرا نے بھی 28 رنز کی اننگز کھیلی۔ سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 18.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
سری لنکا کی اس فتح کے بعد وہ سپر 4 میں پہنچ گیا ہے جبکہ افغانستان کی شکست کے بعد اس کا سفر ایشیا کپ میں ختم ہوگیا۔ بنگلہ دیش، سری لنکا کے ساتھ گروپ بی سے سپر 4 میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا۔