پی ٹی آئی احتجاج کے دوران متاثرہ سرکاری عمارتوں کو عوام کے لیے کھولنے کا فیصلہ

اتوار 14 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کے بعد احتجاج کے دوران جن عمارتوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے ان کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے تاکہ اظہار یکجہتی کیا جا سکے۔

لاہور میں قائم جناح ہاؤس، ملٹری انجینئرنگ سروسز کے دفتر اور ریڈیو پاکستان پشاور کی جلی ہوئی عمارت کو پیر کے روز سے کھولا جا رہا ہے جہاں دن 11 بجے سے ایک بجے تک اور سہہ پہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک یہ عمارتیں عوام الناس کے لیے کھلی رہیں گی۔

عوام الناس کی جانب سے اصرار کیا جا رہا تھا کہ احتجاج کے دوران جن عمارتوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے ان کو کھولا جائے تاکہ اظہار یکجہتی کیا جا سکے۔

حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ریڈیو پاکستان پشاور میں اظہار یکجہتی کے لیے آنے والوں کو عمارت کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا جائے گا اور ان کو شر پسندوں کی طرف سے گھیراؤ جلاؤ کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔

حکام نے بتایا کہ ریڈیو پاکستان پشاور نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔ دہشت گردی سے لے کر امن کے طویل سفر تک ریڈیو پاکستان کی تاریخ سنہری الفاظ سے بھری ہے۔ سیاسی مظاہروں میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا قطعی طور پر درست نہیں ہو سکتا۔

واضح رہے کہ عمران خان کی القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا اور اس دوران کئی اہم عمارتوں پر بھی دھاوا بولا گیا تھا جن میں جناح ہاؤس، ملٹری انجینئرنگ سروسز کا دفتر اور ریڈیو پاکستان پشاورکی عمارت بھی شامل ہیں تاہم  عمران خان نے اپنی رہائی کے بعد کہا ہے کہ جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ کون لوگ تھے اس کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن بنایا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp