افغانستان میں قریباً 8 ماہ تک طالبان کی حراست میں رہنے کے بعد رہا ہونے والا ضعیف العمر برطانوی جوڑا برطانیہ واپس پہنچ گیا۔
یہ بھی پڑھیں: قطر کی ثالثی کام کرگئی، افغان طالبان نے برطانوی جوڑے کو رہا کردیا
اے ایف پی کے مطابق 80 سالہ پیٹر رینالڈز اور ان کی 76 سالہ اہلیہ باربی رینالڈز قطر سے لندن ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچے، جہاں ان کی آمد کا مشاہدہ ایک صحافی نے کیا۔ قطر نے ان کی رہائی کے لیے مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا۔
ایئرپورٹ پر آمد کے وقت باربی رینالڈز خوش دکھائی دیں اور مسکراتی رہیں، تاہم انہوں نے صحافیوں سے کوئی بات نہیں کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز افغان طالبان نے برطانوی جوڑے کو قید سے رہا کیا تھا۔
یہ جوڑا 1970 میں کابل میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوا اور قریباً 20 سال تک افغانستان میں مقیم رہا، جہاں انہوں نے خواتین اور بچوں کے لیے تعلیمی منصوبے شروع کیے۔ بعد ازاں انہوں نے افغان شہریت بھی حاصل کرلی۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں طالبان کے ہاتھوں گرفتار برطانوی جوڑا کون ہے؟
2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے باوجود برطانوی سفارتخانے کی ہدایت کے برخلاف اس جوڑے نے افغانستان نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔