پنجاب کے ضلع قصور میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال نے جہاں معمولاتِ زندگی کو درہم برہم کر دیا، وہیں ایک شادی کی تقریب کو ایک یادگار اور انوکھے واقعے میں بدل دیا۔ دلہا جب بارات کے ساتھ دلہن کے گھر روانہ ہوا اور پانی کی رکاوٹ آ گئی لیکن دلہا نے ہار ماننے کے بجائے ریسکیو 1122 کی کشتی کا سہارا لیا اور بارات سمیت منزل پر جا پہنچا۔
یہ واقعہ قصور کے نواحی گاؤں گنجہ کلاں کا ہے، جہاں کے رہائشی ماجد ڈوگر کی شادی کی تقریب حجرہ شاہ مقیم میں طے تھی۔ شادی والے دن دلہا بارات لے کر روانہ ہوا، مگر موسلا دھار بارشوں کے باعث علاقے میں پانی جمع ہو چکا تھا، اور سیلابی کیفیت کے باعث زمینی راستے مکمل طور پر بند ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں انوکھا واقعہ، منشیات کے عادی 125 افراد کو عام شہریوں نے فرار کروا دیا
ایسے میں دلہا نے ہمت نہ ہاری اور فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کیا۔ ریسکیو حکام نے صورتِ حال کا جائزہ لینے کے بعد کشتی فراہم کی جس کے ذریعے دلہا اور چند باراتیوں کو دلہن کے گھر پہنچایا گیا۔
دولہا دریائے ستلج میں کشتی اُتار کر دلہن بیاہ لایا، ریسکیو 1122 والے بھی باراتی بن گئے۔۔!! pic.twitter.com/JuUrjsafon
— Khurram Iqbal (@khurram143) September 22, 2025
کشتی میں سجی بارات نے اس منفرد لمحے کو مزید یادگار بنا دیا۔ اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جہاں صارفین کی جانب سے دلہے کی ہمت اور ریسکیو ادارے کے انسانی جذبے پر مبنی اقدام کو خوب سراہا جا رہا ہے۔