استاد اور ڈرامہ نگار شعیب ہاشمی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے

پیر 15 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف استاد، اداکار اور ڈرامہ نگار شعیب ہاشمی طویل علالت کے بعد آج لاہور میں انتقال کرگئے۔

شعیب ہاشمی کے بھتیجے اور اداکار عدیل ہاشمی نے اپنے انکل کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

شعیب ہاشمی کی اہلیہ اور نیشنل کالج آف آرٹس کی سابق پرنسپل سلیمہ ہاشمی کے مطابق ان کے شوہر گزشتہ 15 برس سے فالج میں مبتلا ہونے کے باعث صاحب فراش تھے۔ وہ بول سکتے تھے اور نہ ہی خود سے چل پھر سکتے تھے۔

شعیب ہاشمی نے ایم اے معاشیات کی سند گورنمنٹ کالج لاہور اور ایم ایس سی لندن سکول آف اکنامکس سے حاصل کی۔ انہوں نے لندن کے معروف رائل اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹس سے تھیٹر کی تعلیم بھی حاصل کی۔

شعیب ہاشمی کی شادی پاکستان کے نامورشاعر فیض احمد فیض کی بیٹی سلیمہ ہاشمی سے ہوئی تھی۔ انہوں نے سلیمہ ہاشمی سمیت بیٹے یاسرہاشمی اور بیٹی مائرہ ہاشمی کو سوگوار چھوڑا ہے۔

انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن  کے لیے 1970 کی دہائی میں مزاحیہ شو اکڑ بکڑ تخلیق کیا جو بچوں کی تعلیم کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا اور بے حد مقبول ہوا۔

اسی عشرے میں ان کے دو اور مزاحیہ شوز سچ گپ اور ٹال مٹول کو بھی عوامی پذیرائی ملی۔ تاہم ان کا ایک اور شو بلیلا تھا جس کے نشر ہونے کے فوراً بعد پابندی لگا دی گئی۔

شعیب ہاشمی نے 1990 میں نجی اخبارمیں ٹال مٹول کے نام سے کالم نگاری بھی کی تھی۔ انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ حسن کارکردگی اور تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

https://twitter.com/AliDayan/status/1658004376374464519

وزیراعظم شہبازشریف نے استاد، ڈرامہ نویس، مزاح نگار، دانشور، شاعر اور فیض احمد فیض کے داماد شعیب ہاشمی کے انتقال پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے معاشرے، فن اور ادب کا بڑانقصان قرار دیا ہے۔

وزیر اعظم کے مطابق شعیب ہاشمی نے پی ٹی وی کے سنہری دور میں اہم کردار ادا کیا اور طنز و مزاح کے پروگرامز میں نئی جہت متعارف کروائی۔

’شعیب ہاشمی نے یادگار اور ناقابل فراموش ڈرامے لکھے۔ اُن کے قلم سے روشن اقدار، روایات اور نظریات کو فروغ ملا ۔ ان جیسے قلم کار اور دانشور نے معاشرے کو تہذیب، سلیقہ اور ادب سکھایا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی شعیب ہاشمی کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شعیب ہاشمی پی ٹی وی کے ابتدائی دور کے پروگراموں کے خالق تھے۔ مرحوم کی شعبہ تدریس سمیت شوبز انڈسٹری کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp