بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں پاکستان کے زیر اہتمام تیسری میڈ اِن پاکستان نمائش کا آغاز ہوگیا۔
5 روزہ نمائش انٹرنیشنل کنونشن سینٹر بشندھارا میں جاری ہے جس میں 100 سے زائد پاکستانی کمپنیاں مختلف مصنوعات کے ساتھ شریک ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان بنگلہ دیش کو چاول برآمد کرے گا
نمائش میں ٹیکسٹائل، کاسمیٹکس، اسپورٹس گُڈز، جیولری، فوڈ اینڈ بیوریجز، لیدر پراڈکٹس اور خوشبویات سمیت دیگر شعبوں کی مصنوعات رکھی گئی ہیں, افتتاحی تقریب میں اعلیٰ حکام، بزنس لیڈرز اور سفارتکاروں نے شرکت کی۔
چیف گیسٹ ایکسپورٹ پروموشن بیورو کے وائس چیئرمین و سی ای او حسن عارف نے نمائش کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستانی مصنوعات کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ قریب میں پاکستان میں بھی اسی نوعیت کی نمائش منعقد کی جائے گی جس میں بنگلہ دیشی مصنوعات کو پیش کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان بنگلہ دیش تعلقات میں بہتری کا عمل سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی، دفتر خارجہ
پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزیبیشن انڈسٹری کے چیئرمین فہد برلاس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس پلیٹ فارم کی اہمیت پر روشنی ڈالی، بانی پی اے ای آئی محمد خورشید برلاس نے اس نمائش کے سفر اور کامیابیوں پر اظہار خیال کیا۔
راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عثمان شوقٹ اور سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جاسم الدین نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور خطے میں گہرے معاشی تعاون پر زور دیا۔
پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر برائے بنگلہ دیش محمد واصف نے اس موقع پر اسلام آباد کے ڈھاکا کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سے تجارت میں اضافہ، بنگلہ دیشی تاجر پُرجوش، تجارتی سرگرمیاں بڑھانے پر زور
نمائش عام افراد اور بزنس پروفیشنلز کے لیے 27 ستمبر تک روزانہ صبح 10 بجے سے شام 7 بجے تک کھلی رہے گی۔