جاپان کی معروف الیکٹرک وہیکل ساز کمپنی ٹیرا موٹرز نے پاکستان میں اپنا جدید بیٹری سے چلنے والا تھری وہیلر رکشا ’کیورو‘ متعارف کرا دیا ہے۔
کیورو نیکسٹ جنریشن الیکٹرک تھری وہیلر ہے جو شہری سفری ضروریات اور لاسٹ مائل لاجسٹکس یعنی سامان کی ترسیل میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ اس الیکٹرک رکشا کی رفتار 55 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد کی ہے جبکہ یہ ایک چارج پر 200 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کر سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پرانی گاڑیوں پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کی جا رہی ہے؟
اس میں نصب 11.7 کلوواٹ آور بیٹری طویل دورانیے تک کارآمد رہتی ہے اور صرف 4 گھنٹے میں مکمل چارج ہو جاتی ہے۔ اور یہ دشوار گزار پہاڑی راستوں پر بھی آسان چڑھائی ممکن بناتا ہے۔
ماحول دوست اور کفایتی ٹیکنالوجی کی حامل یہ گاڑی کم آپریٹنگ اخراجات کے باعث نہ صرف عام شہریوں بلکہ کاروباری طبقے کے لیے بھی ایک پرکشش انتخاب ثابت ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نئی انرجی وہیکل پالیسی پاکستان کا سرسبز مستقبل، 30 فیصد گاڑیاں الیکٹرک بنانے کا ہدف
ٹیرا موٹرز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر مسٹر گو سوزوکی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ’کیورو‘ نہ صرف شہری ٹرانسپورٹ میں جدت لائے گا بلکہ ایندھن پر انحصار میں کمی، روزگار کے مواقع میں اضافہ اور ماحولیاتی بہتری کے فروغ کا سبب بھی بنے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کمپنی پاکستان میں قابلِ اعتماد ڈسٹریبیوشن پارٹنرز کی تلاش میں ہے تاکہ مقامی سطح پر سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کا تبادلہ، ہنر مندی کی ترقی اور ’لوکل ویلیو ایڈیشن‘ کو فروغ دیا جا سکے۔