سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ٹریفک پولیس اہلکار کی قیادت میں جاری بائیک ریلی کے دوران ایک نوجوان بغیر ہیلمٹ کے بائیک چلاتے ہوئے خطرناک انداز میں ون ویلنگ کرتا نظر آ رہا ہے۔ جس پر صارفین کی جانب سے خوب تنقید کی جا رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان حفاظتی اقدامات کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی جان کو خطرے میں ڈال رہا ہے جبکہ اس دوران ٹریفک پولیس اہلکار بھی اس کے ساتھ موجود ہے۔
صارفین نے اس حرکت کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی لاپرواہی سڑکوں پر قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اور حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی پر نوجوان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ٹریفک پولیس کے پروٹوکول میں ہی ون ویلنگ کی جا رہی ہے۔ سید داؤد ہاشمی کہتے ہیں کہ اگر یہی عام آدمی ہیلمٹ کے بغیر جا رہا ہوتا تو کہتے 2000 کا چالان بھریں لیکن یہ نوجوان بغیر ہیلمٹ کے ون ویلنگ کر رہا ہے اور ٹریفک پولیس اہلکار خود اس کا راستہ کلیئر کر رہا ہے۔

صادق یوسف نے کہا کہ اس کو کہتے ہیں قانون کی سرپرستی میں قانون کی خلاف ورزی اور اگر یہی سب کوئی غریب کرتا تو وہ جیل میں بیٹھا ہوتا۔ ایک صارف نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں قانون صرف غریب کے لیے ہے۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے کہا کہ غریب ون ویلنگ کرے تو پرچہ اور اگر امیر کرے تو پروٹوکول۔ جبکہ کئی صارف ایسے بھی تھے جو ون ویلنگ کرتے ہوئے نوجوان کو ہیلمٹ پہننے کا مشورہ دیتے نظر آئے۔















