سندھ میں کانگو وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 6ہوگئی

جمعہ 26 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ کے محکمہ صحت کے مطابق شہر کے علاقے ملیر میں ایک شخص کانگو وائرس کے باعث جاں بحق ہوگیا، جس کے بعد رواں سال کراچی میں اس مرض سے ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے جبکہ پورے سندھ میں یہ تعداد 6ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں کانگو وائرس سے پہلی ہلاکت رپورٹ

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 28 سالہ قصاب کا تعلق لانڈھی سے تھا۔ وہ 24 ستمبر کو بخار، کھانسی، سانس لینے میں دشواری اور منہ و مقعد سے خون بہنے کی علامات کے ساتھ اسپتال لایا گیا جہاں چند ہی گھنٹوں بعد اس کی موت واقع ہوگئی۔

لیبارٹری رپورٹ کے مطابق مریض میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کی ترجمان میرَن یوسف نے بتایا کہ سندھ بھر میں کانگو وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6 ہوچکی ہے۔ اس سے قبل 17 اور 18 جون کو کراچی کے ملیر میں، 30 جون کو ٹھٹھہ میں، جبکہ 17 جولائی اور 14 اگست کو دوبارہ ملیر میں ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: کانگو وائرس سے اموات کی تعداد 9 ہوگئی

عالمی ادارہ صحت کے مطابق کانگو وائرس ایک خطرناک وبائی مرض ہے جو جانوروں کے خون اور ٹِک کے کاٹنے سے انسانوں کو لاحق ہوتا ہے۔ اس کی تاحال کوئی ویکسین دستیاب نہیں اور اموات کی شرح 10 سے 40 فیصد تک ہوسکتی ہے۔

یہ مرض قریبی رابطے کے ذریعے ایک شخص سے دوسرے شخص میں بھی منتقل ہوسکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp