’تاریخ میں پہلی مرتبہ شارک پر الزام نہیں لگا‘ پاکستان میں سوشل میڈیا ایپس بحال

پیر 15 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں پانچ روز قبل تحریک انصاف کے احتجاج سے نمٹنے کے لیے بند کیا گیا انٹرنیٹ پیر کو مکمل بحال کر دیا گیا۔

ابتدا میں موبائل براڈ بینڈ انٹرنیٹ بھی مکمل طور پر بند رکھا گیا تھا جسے جزوی طور پر بحال کر دیا گیا تھا تاہم سوشل میڈیا ایپس باالخصوص ٹوئٹر، فیس بک اور یوٹیوب نہ کھلنے کی شکایات باقی تھیں۔

پاکستان ٹیلی کیمونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا تھا کہ حکومت کی ہدایت پر انٹرنیٹ سروسز محدود کی گئی ہیں اور اسی کی ہدایت پر بحال کی جائیں گی۔

انٹرنیٹ کی بندش کے دوران سامنے آنے والی رپورٹس میں ٹیلی کام، سافٹ وئیر، بینکنگ انڈسٹری کو پہنچنے والے مالی نقصانات کی رپورٹس تواتر سے سامنے آتی رہیں تاہم مواصلاتی خدمات مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی تھیں۔

پیر کی سہ پہر مختلف ٹوئپس نے اپنے پیغامات میں لکھا کہ وہ اب سوشل میڈیا ایپس استعمال کر سکتے ہیں۔

موقع کوئی بھی ہو، مقام ڈیجیٹل میڈیا کا ہو اور گفتگو کرنے والے سوشل میڈیا صارفین ہوں تو بھلا یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ مزاح کا استعمال نہ کیا جائے۔ اس مرتبہ بھی کچھ ایسا ہی ہوا تو شارک مچھلی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ’شارک بہت خوش ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ انٹرنیٹ کیبل کاٹنے کا الزام اس پر نہیں لگا۔‘

پاکستان میں 12 کروڑ سے زائد افراد براڈ بینڈ انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں۔

انفارمیشن اینڈ کمپیوٹر ٹیکنالوجی سے وابستہ ماہرین کے مطابق محض دو فیصد افراد فکسڈ لائن کے ذریعے انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں، بڑی اکثریت انٹرنیٹ تک رسائی کے لیے موبائل فونز پر انحصار کرتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp