آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 26/27 ستمبر کی درمیانی رات ضلع لکی مروت میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی حمیات یافتہ شدت پسند عناصر (فتنہ الخوارج) کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 17 خوارج ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کی جاری کردہ تفصیل میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کی بنیاد قابلِ اعتماد انٹیلی جنس اطلاع تھی اور کارروائی مؤثر انداز میں انجام پائی۔ مارے گئے عناصر سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشتگردانہ حملوں میں ملوث تھے۔
مزید پڑھیں: کشمیر کا مستقبل ’کشمیر بنے گا پاکستان‘ ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو علاقائی سیکیورٹی خطرے کی تائید کرتا ہے۔ علاقے میں مزید ممکنہ بھارتی خوارج کی موجودگی کے شبہ میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی باقی خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے زور دے کر کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
وزیراعظم کا لکی مروت آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
وزیراعظم نے لکی مروت میں 17 خوارج کے ہلاک ہونے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی سے خوارج کے عزائم ناکام بنے۔
مزید پڑھیں:ہم سرحد پار دہشتگردی کو شکست دے رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کا بھارتی صحافیوں کو جواب
وزیراعظم نے اعادہ کیا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔